آزاد کشمیر میں وسائل کی کمی نہیں‘ مسئلہ دانستہ چشم پوشی ہے‘ عبدالصمد‘ فرید فاروقی

شاریاں (نمائندہ محاسب) پاکستان مسلم الائنس کے مرکزی رہنما عبدالصمد خان، پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے بانی و بزرگ رہنما قاضی فرید احمد فاروقی نے روزنامہ محاسب آفس شاریاں کا دورہ کیا۔معزز رہنماؤں نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ آزاد جموں و کشمیر میں اصل مسئلہ وسائل کی کمی نہیں بلکہ عوامی مسائل سے دانستہ چشم پوشی ہے۔ ایسے میں روزنامہ محاسب جیسے جرات مند صحافتی ادارے ہی عوام اور اقتدار کے ایوانوں کے درمیان وہ مضبوط پل ہیں جو حکمرانوں کو عوام کے سامنے جوابدہ بناتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ شاریاں اور اس کے نواحی علاقوں کو طویل عرصے سے سیاسی نظرانداز ی، ترقیاتی ناانصافی اور انتظامی غفلت کا سامنا ہے۔ اگر آج بھی عوام کی آواز کو دبانے کی کوشش کی گئی تو یہ نہ صرف جمہوری اصولوں کی نفی ہوگی بلکہ عوامی ردعمل کو بھی جنم دے گی۔ روزنامہ محاسب آفس شاریاں کا قیام اس سیاسی جمود کو توڑنے کی ایک سنجیدہ کوشش ہے۔سیاسی قائدین کا کہنا تھا کہ جمہوریت محض ووٹ ڈالنے کا نام نہیں بلکہ مسلسل احتساب، آزاد صحافت اور باشعور عوام سے جڑی ہوتی ہے۔ ایک مضبوط علاقائی پریس ہی سیاسی وعدوں اور عملی اقدامات کے درمیان فرق کو بے نقاب کر سکتا ہے۔ روزنامہ محاسب نے ہمیشہ حقائق پر مبنی صحافت کے ذریعے سیاسی مفادات سے بالاتر ہو کر عوامی حق کی ترجمانی کی ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ آزاد کشمیر کے عوام اب نمائشی بیانات اور کھوکھلے وعدوں سے مطمئن نہیں ہوں گے۔ عوامی مینڈیٹ کا اصل احترام اسی وقت ممکن ہے جب مسائل کو دبانے کے بجائے اجاگر کیا جائے، اور یہی کردار روزنامہ محاسب شاریاں سے وابستہ ہے۔آخر میں قائدین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ صحافت کی آزادی، عوامی حقوق اور علاقائی خودمختاری کے لیے ہر فورم پر آواز بلند کرتے رہیں گے اور روزنامہ محاسب جیسے اداروں کے شانہ بشانہ کھڑے رہیں گے۔


