مظفرآباد
مظفرآباد پولیس نے ہسپتال سے اغواء ہونے والے نومولود بچے کو بازیاب کر لیا
مظفرآباد (خبر نگار خصوصی) ویلڈن ایس ایچ او وجاہت کاظمی ہمراہ ٹیم، سی ایم ایچ مظفرآباد سے اغواء ہونے والا نومولود بحفاظت بازیاب، ملزمہ گرفتار، مظفرآباد میں آزاد کشمیر پولیس نے بروقت اور کامیاب کارروائی کرتے ہوئے سی ایم ایچ مظفرآباد سے اغواء ہونے والے نومولود بچے کو بحفاظت بازیاب کر لیا۔ پولیس کے مطابق 21 جنوری 2026 کو ہسپتال سے اغواء ہونے والا نومولود بچہ 23 جنوری 2026 کو لمیاں پٹیاں، شہید گلی، مظفرآباد کے علاقے سے برآمد کیا گیا۔یہ کامیاب کارروائی تھانہ سٹی مظفرآباد کی پولیس ٹیم نے انجام دی، جس کی قیادت ایس ایچ او وجاہت حسین کاظمی کر رہے تھے۔ آپریشن میں اقبال خان اور صائم داد (اے ایس آئیز) سمیت تھانہ سٹی کے دیگر پولیس افسران و اہلکاروں نے بھی حصہ لیا۔پولیس کے مطابق رات تقریباً 11 بج کر 45 منٹ پر نومولود بچے کو مکمل قانونی کارروائی کے بعد اس کی حقیقی والدہ کے حوالے کر دیا گیا۔ طبی معائنے کے مطابق بچہ مکمل طور پر محفوظ اور صحت مند ہے۔واقعے میں ملوث ملزمہ نادیہ کو گرفتار کر لیا گیا ہے، جبکہ واردات میں شامل ایک نامعلوم شخص کی تلاش جاری ہے۔ ابتدائی تفتیش کے دوران ملزمہ نے انکشاف کیا ہے کہ اس کی تین بیٹیاں ہیں اور بیٹے کی خواہش کے باعث اس نے نومولود بچے کو اغواء کرنے کا اقدام کیا۔پولیس کے مطابق واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے اور تمام پہلوؤں سے تحقیقات کی جا رہی ہیں تاکہ واقعے میں ملوث دیگر کرداروں کو بھی قانون کے کٹہرے میں لایا جا سکے۔نومولود بچے کی بحفاظت بازیابی پر شہری حلقوں کی جانب سے تھانہ سٹی مظفرآباد پولیس کی پیشہ ورانہ کارکردگی اور بروقت کارروائی کو سراہا جا رہا ہے۔





