چارٹر آف ڈیمانڈ کے مطابق مطالبات پورے کئے جائیں،گزٹیڈ آفیسرایسوسی ایشن

پلندری (بیورو رپورٹ) صدر گزٹیڈ آفیسرز ایسوسی ایشن سدہنوتی سردار اویس منیر نے ہمراہ سردار ناصر محمود، سردار نعیم اختر، سردار عمران حبیب پریس کانفرنس کرتے ہوئے مرکزی باڈی آزادکشمیر کی جانب سے پیش کردہ 18 نکاتی چارٹرڈ آف ڈیمانڈ کو پورا کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ چارٹرڈ آف ڈیمانڈ کے مطابق ہمارے جائز مطالبات کو پورا کیا جائے مرکزی باڈی کی جانب سے جو بھی کال دی جائے مکمل حمایت اور تعاون کریں گے۔ انھوں نے کہا کہ آزادکشمیر کے اکثر سرکاری محکمہ جات کی آسامیاں خالی ہونے کے باوجود بروقت سلیکشن بورڈ نہیں کیے جا رہے فوری طور پر آزادکشمیر کے جملہ ملازمین کے سلیکشن بورڈ، سلیکشن کمیٹیوں کے معاملات کو یکسو کیا جائے۔ بار بار حکومت کو تحریری و زبانی مطالبات پہنچانے کے باوجود ہماری آواز کو نظر انداز کیا گیا جس پر آفیسران میں شدید مایوسی پائی جاتی ہے۔ آزادکشمیر میں کئی سالوں سے کرنٹ چارج اور غیرقانونی ایڈجسٹمنٹ کی پالیسی نے گورننس کو تباہ کیا ہے۔ میرٹ پر بھرتی اور ترقی پانے والے آفیسران کو نظر انداز کر کے چند افراد کو نوازا جا رہا ہے جو کہ سپریم کورٹ آزادکشمیر کی ہدایات کے منافی ہے قانونی طریقہ کار کے مطابق ہر تقرری اور ترقی سلیکشن بورڈ کے ذریعے ہونی چاہیے لیکن بدقسمتی سے اس پر عمل نہیں کیا جا رہا جس کی وجہ سے محنتی اور اہل آفیسران اپنے حقوق سے محروم ہو رہے ہیں انھوں نے کہا کہ ہمارے جائز مطالبات فوری تسلیم کیے جائیں بصورت اگلے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے ان خیالات کا اظہار پلندری میں گزٹیڈ ایسوسی ایشن سدہنوتی کے عہدیداران نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔