ریاستی ترقی کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائیں گے‘انوارالحق

مظفرآباد (پی آئی ڈی)وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر چوہدری انوارالحق نے حالیہ امن و امان کی مخدوش صورتحال میں فرائض کی ادائیگی کے دوران آزادجموں و کشمیر پولیس کے زخمی ہونے والے پولیس اہلکاروں کی شیخ خلیفہ بن زید النہیان ہسپتال مظفر آباد میں عیادت کی۔اس موقع پر وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوار الحق کے ہمراہ موسٹ سینئر وزیر کرنل (ر) وقار احمد نور، وزیر حکومت چوہدری قاسم مجید اور چوہدری اظہر صادق بھی موجود تھے، وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوار الحق نے زخمی پولیس اہلکاروں کی خیریت دریافت کی اور ان کی جلد صحتیابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوار الحق نے ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں، علاوہ ازیں وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوار الحق نے امن و امان کی مخدوش صورتحال کے دوران زخمیوں کو بہترین طبی امداد اور بے لوث جذبے کے ساتھ خدمات سرانجام دیتے ہوئے میڈیکل سروسز کو بحال رکھنے پر پیرامیڈیکل سٹاف کی خدمات کو سراہا اورانھیں نقد انعامات بھی دئیے۔