محکمہ صحت اور محکمہ تعلیم کے اعلیٰ عہدوں پر تعیناتیاں نہ ہوسکیں

مظفرآباد (سپیشل رپورٹر)محکمہ صحت اور تعلیم کے اعلیٰ عہدوں پرتعیناتیاں نہ ہوسکیں۔ ڈی جی کے بغیر محکمہ صحت رواں دواں محکمہ تعلیم میں بھی ڈی پی آئی سکولز مردانہ وزنانہ کی پوسٹیں خالی، ڈی جی لوکل گورنمنٹ کی پوسٹ خالی، محکموں کے سربراہ نہ ہونے کے باعث کارکردگی بری طرح متاثر ہونے لگی۔ تفصیلات کے مطابق آزادکشمیر کے سب اہم محکمہ صحت عامہ میں ڈی جی کی تعیناتی نہ ہوسکی۔ ڈی جی صحت عامہ وقار نور اگست کے مہینہ میں ریٹائرڈ ہوگئے تھے۔ اس طرح محکمہ صحت کے متعدی امراض سمیت پانچ ڈائریکٹرز کی اسامیاں خالی ہیں۔ جن پر تاحال تعیناتی نہیں ہوسکی۔ اسطرح محکمہ لوکل گورنمنٹ میں ڈی جی پوسٹ خالی ہے۔ محکمہ تعلیم جیسے اہم محکمہ میں ناظم اعلیٰ تعلیمات نسواں ناظم اعلیٰ تعلیمات مردانہ کی اسامیاں بھی تین ماہ سے خالی چلی آرہی ہیں۔ ان اسامیوں پر تعیناتیاں نہ ہونے کے باعث ان محکموں کی کارکردگی متاثر ہورہی جس سے آزادکشمیرکے عوام کے مسائل میں اضافہ ہوتا چلا جارہا ہے۔ محکمہ صحت میں ڈی جی کی عدم تعیناتی کے باعث فنڈز ہونے کے باوجود صحت کارڈ کی اجرائیگی کا فیصلہ نہ ہوسکا۔ عوامی حلقوں نے حکومت آزادکشمیر سے مطالبہ کیا ہے کہ اعلیٰ اسامیاں پر تعیناتیاں عمل میں لائی جائیں تاکہ عوام کے چھوٹے چھوٹے کاموں میں جورکاوٹ ہے وہ دو ر ہوسکے۔