تازہ ترینمظفرآباد

پیپلزپارٹی کا 27اکتوبر کو ریاست گیر یوم سیاہ منانے کا اعلان

مظفرآباد(محاسب نیوز) پاکستان پیپلزپارٹی آزادکشمیر نے مقبوضہ جموں و کشمیر پر بلاجواز بھارتی فوج کشی کے ذریعے غاصبانہ قبضہ، ریاستی دہشت گردی، لاقانونیت، نہتے کشمیریوں کی خون ریزی، انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے خلاف 27اکتوبر کو پاکستان کے چاروں صوبوں، ریاست جموں و کشمیر سمیت پوری دنیا میں یوم سیاہ منانے اور احتجاجی ریلیاں منعقد کرنے کا اعلان کر دیا، پارٹی کے صدر چوہدری محمد یاسین، سپیکر چوہدری لطیف اکبر کی ہدایت پر 27 اکتوبر کو آزادکشمیر کے تمام ضلعی، تحصیل، سٹی مقامات اور بڑے چھوٹے شہروں، قصبوں دیہاتوں میں بھارتی عسکریت اور توسیع پسندانہ عزائم کے خلاف قومی یکجہتی سے جلسے، جلوس، دھرنے، مظاہرے کر کے ریلیاں نکالی جائیں گی، جب کہ کل جماعتی حریت کانفرنس کے طے شدہ پروگرام میں پیپلزپارٹی اور اس کی ذیلی تنظیمیں سپیکر چوہدری لطیف اکبر، وزراء کرام، ممبران اسمبلی، پارٹی رہنماؤں کی قیادت میں بڑے قافلوں کی صورت میں شرکت کریگی اور اقوام متحدہ کے مشن دفاتر تک ریلیوں کے شرکاء پیدل مارچ کرتے ہوئے جا کر سیکرٹری جنرل انتونیوگوتریس کے نام پر میمورنڈم پیش کریں گے، گزشتہ روز پارٹی کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات، اُمیدوار اسمبلی حلقہ سات لیپہ ویلی شوکت جاوید میر نے کہا کہ اس سال 27 اکتوبر پاکستانی، کشمیری عوام مل کر سبز ہلالی پرچم کے سائے تلے ایسے بے مثال اتحادو اتفاق سے منائیں گے کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی، ان کے آرمی چیف کی جانب سے دیئے جانے والی جارحیت کی دھمکیوں کے خلاف قوم کا جوش و جذبہ اور افواج پاکستان کے شانہ بشانہ ہر قسم کی قربانیاں پیش کرنے کا عزم دنیا بھر میں ایک مثال ثابت ہو گا، انہوں نے کہا کہ فیلڈ مارشل حافظ سید عاصم منیر، افواج پاکستان، قومی سلامتی کے اداروں اور تحریک آزادی کشمیر کے خلاف بھارت نے ایک بار پھر تمام اوچھے ہتھکنڈے استعمال کر کے آپریشن سندور میں ملنے والی شکست فاش کا بدلہ لینے کا اعلان کر رکھا ہے، لیکن اہل پاکستان اور اہل کشمیر قوت ایمانی، افواج پاکستان کی دفاعی استعداد کار، پیشہ وارانہ مہارت اور قومی غیرت سے دشمن کے خلاف فیصلہ کن معرکہ میں اسے ایک بار پھر بدترین رسوائی اور پسپائی کے انجام سے دوچار کرے گی

Related Articles

Back to top button