وزیر اطلاعات آزادکشمیر پیر مظہر سعید شاہ وزارت سے مستعفی

مظفرآباد(محاسب نیوز)وزیر اطلاعات آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر پیر محمد مظہر سعید شاہ مستعفی ہوگئے ہیں۔ پیر محمد مظہر سعید شاہ نے منگل کو مظفر آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مظہر سعید شاہ نے کہا کہ وہ ناگزیر وجوہات کی بنا پر وزارت اطلاعات سے مستعفی ہو رہے ہیں۔وزیر اطلاعات نے کہا کہ وزارت اطلاعات کے دوران مظفرآباد سمیت آزاد کشمیر کے تمام صحافیوں نے ان کے ساتھ بھرپور تعاون کیا، جس پر وہ تمام صحافی برادری کے شکر گزار ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے حتی الوسع کوشش کی کہ قومی معاملات اور عوامی مفادات کے مطابق اپنی خدمات انجام دیں۔مظہر سعید شاہ نے کہا کہ وزارت اطلاعات کے دوران انہوں نے مختلف چیلنجز کے باوجود ادارے کو فعال اور موثر بنانے کی ہر ممکن کوشش کی۔ ان کے مطابق ہم نے بنیان المرصوص کا معاملہ ہو یا نومبر کی مہم، ہر محاذ پر اللہ نے ہمیں سرخرو کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزارت اطلاعات کی مدت میں انہوں نے نہ صرف اندرونی محاذوں پر کام کیا بلکہ عالمی سطح پر بھی مسئلہ کشمیر کو اجاگر کیا۔ مظہر سعید شاہ نے بتایا کہ میں نے دنیا کے پینتالیس ممالک کے سامنے غزہ کے ساتھ ساتھ کشمیر کا مقدمہ پیش کیا، اور گلوبل صمود فلوٹیلا کے ساتھ بھی شامل ہوا جہاں اپنی استطاعت کے مطابق غزہ کے عوام کے حق میں آواز بلند کی۔سابق وزیر اطلاعات نے اپنے محکمہ کے افسران اور اہلکاروں کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے ان کے ساتھ ذمہ داری کے دوران ہر موقع پر تعاون کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزارت کے دوران ٹیم ورک کے ذریعے کئی اہم اقدامات ممکن ہوئے، اور وہ ہمیشہ محکمہ اطلاعات کی کارکردگی بہتر بنانے کی کوشش کرتے رہے۔انہوں نے کہا کہ وزارت سے علیحدگی ایک ذاتی فیصلہ ہے جو سوچ بچار کے بعد کیا گیا۔ تاہم، وہ آئندہ بھی قومی مفاد اور عوامی خدمت کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھیں گے۔