پنشن AGآفس عدم منتقلی‘لوکل کونسل ایمپلائز کا احتجاج کا اعلان

مظفرآباد(خبرنگار خصوصی)بلدیاتی اداروں کے ملازمین اور پنشنرز کی نمائندہ آزاد جموں وکشمیر لوکل کونسل ایمپلائز ایسوسی ایشن کا اجلاس، وزیراعظم آزادکشمیر کی منظوری کے باوجود اے جی آفس کے ذریعہ پنشن کی ادائیگی میں تاخیر کے خلاف بڑے احتجاج کا اعلان، جمعہ کے روز آزادکشمیر بھر میں احتجاجی مظاہرے کیے جائیں گے جس میں حکومت کو ڈیڈ لائن دی جائے گی جس کے بعد آزادکشمیر بھر میں مکمل کام چھوڑ اور جھاڑو چھوڑ احتجاج شروع کر دیا جائے۔ گزشتہ روز آزاد جموں وکشمیر لوکل کونسل ایمپلائز ایسو سی ایشن ورکرز یونین اور پنشنرز کا مشترکہ اجلاس، میونسپل کارپوریشن مظفرآباد کے دفتر میں منعقد ہوا جس کی صدارت مرکزی صدرشیخ طاہر وسیم نے کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی صدر شیخ طاہر وسیم، سیکرٹری جنرل شکیل کیانی، ورکرز یونین کے جنرل سیکرٹری افتخار اعوان، ملک اعجاز، ریاست مسیح، اقبال احمد، علی اکبر بھٹی ودیگر نے کہا کہ ستیم ظریفی ہیکہ وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری انوارالحق نے بلدیاتی اداروں کے ملازمین کو پنشن کی ادائیگی اے جی آفس کے ذریعہ کرنے کی منظوری دی مگر تاحال اس پر عملدرآمد نہ ہوسکا ہے جس کی وجہ سے ریٹائر ملازمین کو 11ماہ سے پنشن بھی نہ مل سکی ہے اور وہ شدید مسائل کا شکار ہیں جس کے خلاف جمعہ کے روز سے احتجاج کا آغاز کیا جا رہا ہے اور یہ احتجاج پنشن کی اے جی آفس سے ادائیگی کے عمل تک جاری رہے گا۔