مظفرآباد

یوم دفاع پاکستان، آزادکشمیر بھر میں تقریبات، پاک فوج زندہ باد ریلیوں کا انعقاد

راولپنڈی (صباح نیوز) ملک بھر میں یوم دفاع ملی جوش و جذبہ سے منایا گیا، وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 31 توپوں کی سلامی سے دن کا آغاز ہوا۔یوم دفاع پر راولپنڈی میں جنرل ہیڈ کوارٹرزمیں یادگار شہدا پر تقریب کا انعقاد ہوا۔ چیف آف جنرل اسٹاف نے پھول رکھے اور فاتحہ خوانی کی۔اسلام آباد میں نیول ہیڈکوارٹرز میں یادگار شہدا پریوم دفاع کی پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، سربراہ پاک بحریہ ایڈمرل نوید اشرف نے یادگار شہدا پر پھول رکھے اور فاتحہ خوانی کی۔تقریب میں پاک بحریہ کے افسران اور شہدا کے خاندانوں نے شرکت کی، سربراہ پاک بحریہ نے شہدا کی فیملیز اور بچوں کو بھی پھول پیش کیے۔کراچی میں مزار قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب منعقد ہوئی، جس کے مہمان خصوصی ایئر آفیسر کمانڈنگ ایئروائس مارشل شہریار خان تھے، پاکستان ایئر فورس اکیڈمی اصغر خان کے چاق و چوبند دستے نے مزار قائد پر گارڈز کے فرائض سنبھال لیے۔مہمان خصوصی ایئر آفیسر کمانڈنگ ایئر وائس مارشل شہر یار خان بابائے قوم کے مزار پر پھول رکھے اور فاتحہ خوانی کی، انہوں نے مہمانوں کی کتاب پر تاثرات درج کیے اور لکھا کہ پاک فضائیہ نے عوام کو کبھی مایوس نہیں کیا، ہمارے دشمنوں کو ہمیشہ منہ کی کھانا پڑی۔کور کمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل اویس دستگیر نے مزار قائد پر حاضری دی، پھول رکھے اور فاتحہ خوانی کی، کور کمانڈر کراچی نے مزار قائد میں مہمانوں کی کتاب پر تاثرات بھی درج کیے۔ لاہور میں ڈاکٹر علامہ محمد اقبال ؒ کے مزار پر پھول رکھنے کی تقریب ہوئی، جس کے مہمان خصوصی کور کمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل فیاض حسین شاہ تھے، اس موقع پر ملک کی سلامتی کے لیے خصوصی دعا بھی کروائی گئی۔کور کمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل فیاض حسین شاہ نے مزار اقبال پر مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات درج کیے۔ ملتان، گوجرانوالہ اور کھاریاں گیریژنز میں تقاریب منعقد کی گئیں، یادگارِ شہدا پر چادریں چڑھائی گئیں۔اس موقع پر شہدا کی لازوال قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا گیا، غازیوں کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔ پشاور میں کور کمانڈر پشاور نے یادگار شہدا پر حاضری دی اور پھول رکھے۔گوادر میں بھی یادگار شہدا پر تقریب کوئٹہ گیریژن میں ہوئی۔ تقریب میں کور کمانڈر بلوچستان اور وزیراعلیٰ بلوچستان نے یادگارِ شہدا پر پھول رکھے۔

Related Articles

Back to top button