بلدیاتی اداروں کے پنشنرز کا ”جھاڑ و چھوڑ“ احتجاج، پنشن ادائیگی کا مطالبہ

مظفرآباد(خبرنگار خصوصی) بیورو کریسی کی طرف سے بلدیاتی اداروں کے ملازمین کی پنشن اے جی آفس کے ذریعہ ادائیگی کی راہ میں روڑے اٹکانے کے خلاف آزادکشمیر بھر میں بلدیاتی اداروں کے ملازمین اور پنشنرز کا قلم اور جھاڑوں چھوڑ احتجاج، 10اضلاع میں احتجاجی مظاہرے پنشن کی ادائیگی کے حق میں نعرے آزادکشمیر بھر کی فضاء پنشن اے جی آفس کے ذریعہ ادا کرنے کے نعروں سے گونج اٹھی۔ تنظیم لوکل کونسل ایمپلائز ایسو سی ایشن، ورکرز یونین اور پنشنر ز ایسو سی ایشن کی کال پر آزادکشمیر کے تمام اضلاع میں بلدیاتی اداروں کے ملازمین اور پنشنرز سڑکوں پر نکل آئے دارالحکومت مظفرآباد میں سب سے بڑی احتجاجی ریلی میونسپل کارپوریشن اپر اڈہ کے دفتر سے نکالی گئی۔ جو لال چوک، مٹن مارکیٹ سے ہو کر دوبارہ دفتر میونسپل کارپوریشن میں اختتام پذیر ہوئی۔ احتجاجی ریلی کی قیادت مرکزی صدر شیخ طاہر وسیم، جنرل سیکرٹری شکیل کیانی، ورکرز یونین کے صدر چوہدری راحیل شریف، جنرل سیکرٹری افتخار لون، محمد اقبال عباسی، سید مقصود کاظمی، ندیم میر، علی اکبر بھٹی، سردار جنید پرویز، جہانگیر کاظمی نے کی مظاہرین پنشن نہ ملنے کے خلاف پر جوش نعرہ بازی کرتے رہے مرکزی صدر شیخ طاہر وسیم نے کہا کہ 11ماہ سے پنشنرز کو پنشن نہیں مل سکی ہے وزیراعظم آزادکشمیر نے پنشن اے جی آفس منتقل کرنے کی منظوری دی جو کہ تاریخی اقدام ہے۔ لیکن اس کے باوجود بیورو کریسی فنڈز اے جی آفس منتقل کرنے کی راہ میں روڑے اٹکا رہی ہے۔ اس لیے اب ہم احتجاج جاری رکھیں گے اور آزادکشمیر میں صفائی ستھرائی کا مکمل بائیکاٹ کیا جائے گا۔