گڑھی دوپٹہ،ڈپٹی ڈرگ کنٹرولرکا دورہ، میڈیکل سٹوروں کا معائنہ

مظفرآباد(نمائندہ خصوصی)ڈپٹی ڈرگ کنٹرولر مظفرآباد ڈاکٹر زاہد یعقوب خان کا گڑھی دوپٹہ اور گرد و نواح کے علاقوں میں واقع میڈیکل اسٹورز کا اچانک معائنہ۔ اس سرپرائز وزٹ کا مقصد علاقے میں ادویات کی فراہمی، ان کے معیار اور قانون کے مطابق میڈیکل اسٹورز کی فعالیت کو جانچنا تھا۔دورے کے دوران درجنوں میڈیکل اسٹورز کی تفصیلی چیکنگ کی گئی جہاں ادویات کے معیار، اسٹوریج کنڈیشنز، رجسٹریشن اور خریداری کے ذرائع کا جائزہ لیا گیا۔ کئی اسٹورز کو وارننگ جاری کی گئی جبکہ بعض کو معمولی کوتاہیوں پر فوری درستگی کی ہدایت کی گئی۔ڈپٹی ڈرگ کنٹرولر نے اسٹور مالکان کو سختی سے ہدایت کی کہ وہ صرف مجاز اور رجسٹرڈ ڈسٹری بیوٹرز سے ہی ادویات خریدیں، غیر معیاری، جعلی یا غیر رجسٹرڈ ادویات کی خرید و فروخت پر مکمل پابندی عائد ہے۔ڈاکٹر زاہد یعقوب خان نے کہا کہ انسانی صحت سے جُڑے کسی بھی معاملہ پر سمجھوتہ برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے تمام میڈیکل اسٹورز کو صحت عامہ کے اصولوں کے مطابق مکمل عملدرآمد اور SOPs کی پابندی کرنے کی ہدایت جاری کی۔انہوں نے واضح کیا کہ آئندہ کسی بھی غفلت، لاپرواہی یا خلاف ورزی کی صورت میں تحتِ ضابطہ سخت ترین قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی، جس میں جرمانے، لائسنس کی منسوخی یا قانونی چارہ جوئی شامل ہو سکتی ہے۔ڈپٹی ڈرگ کنٹرولر کے اس اقدام کو عوامی اور سماجی حلقوں نے سراہا ہے، اور اسے علاقے میں جعلی و غیر معیاری ادویات کے خاتمے کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا ہے۔ عوام نے مطالبہ کیا کہ ایسے دورے مستقل بنیادوں پر جاری رہیں تاکہ صحت کی سہولیات میں مزید بہتری لائی جا سکے۔