مظفرآباد

پاکستان ادارہ شماریات آزادکشمیر ریجن کے زیراہتمام آگاہی واک کا انعقاد

مظفرآباد(خبرنگارخصوصی)پاکستان ادارہ شماریات آزادکشمیر ریجن کے زیراہتمام عالمی یومِ شماریات کے موقع پر آگاہی واک کا انعقاد کیا گیا۔ واک کی قیادت چیف آفیسر شماریات آزادکشمیر ریجن حسیب الرحمن نے کی جبکہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر مظفرآباد عمران احمد نقوی سمیت سول سوسائٹی کیافراد نے شرکت کی۔ واک کے شرکاء نے سنٹرل پریس کلب سے ڈسٹرکٹ کمپلیکس تک پیدل مارچ کیا، شرکاء نے شماریات کی اہمیت کو اجاگر کرنے والے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر نعرے درج تھے:“درست اعداد و شمار، ترقی کی بنیاد”اور ”شماریات کے بغیر منصوبہ بندی ادھوری ہے”۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے چیف آفیسر شماریات حسیب الرحمن نے کہا کہ شماریات کسی بھی معاشرے کے سماجی، معاشی اور ترقیاتی خدوخال کی درست عکاسی کا ذریعہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر ڈیٹا درست، منظم اور بروقت حاصل کیا جائے تو حکومت کو تعلیم، صحت، روزگار، غربت میں کمی اور بنیادی سہولیات کی فراہمی جیسے شعبوں میں مؤثر منصوبہ بندی میں مدد ملتی ہے۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر عمران احمد نقوی نے کہا کہ شماریات ریاستی پالیسیوں کی بنیاد ہیں۔ ان کے ذریعے معلوم ہوتا ہے کہ آبادی کہاں بڑھ رہی ہے، وسائل کہاں کم ہیں، اور کون سے علاقے خصوصی توجہ کے مستحق ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اعداد و شمار کی بنیاد پر فیصلے کرنے سے ترقیاتی منصوبے زیادہ مؤثر اور دیرپا بنتے ہیں۔ ماہرین نے مزید کہا کہ مقامی سطح پر شماریاتی معلومات گاؤں، قصبوں اور اضلاع کی حقیقی ضروریات جاننے میں مدد دیتی ہیں، جبکہ قومی سطح پر یہی ڈیٹا پالیسی سازی، بجٹ کی تقسیم اور منصوبوں کی ترجیحات طے کرنے کا ذریعہ بنتا ہے۔ بین الاقوامی سطح پر درست شماریات عالمی اداروں کو کسی ملک کی ترقی، معیشت، تعلیم، صحت اور سماجی بہبود کا صحیح تجزیہ کرنے میں مدد دیتی ہیں۔ اقوامِ متحدہ اور دیگر عالمی ادارے انہی اعداد و شمار کی بنیاد پر امداد، تعاون اور ترقیاتی پروگرام تشکیل دیتے ہیں۔ مقررین نے کہا کہ عالمی سطح پر ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن اور آرٹیفیشل انٹیلی جنس کے دور میں شماریات کی اہمیت پہلے سے کہیں زیادہ بڑھ چکی ہے۔ جدید دنیا میں فیصلہ سازی ڈیٹا پر مبنی ہے، اس لیے عوام کا ہر فرد مردم شماری اور شماریاتی سرگرمیوں میں تعاون کرے تاکہ آزاد کشمیر کی ترقی مستند اعداد و شمار کی بنیاد پر ممکن ہو۔ شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ اپنے اداروں، تعلیمی اداروں اور کمیونٹی میں شماریات کی افادیت سے متعلق آگاہی پھیلانے کے لیے کردار ادا کرتے رہیں گے تاکہ ریاست کی ترقی و خوشحالی کے لیے سائنسی بنیادوں پر فیصلے ممکن بنائے جا سکیں۔
ہ

Related Articles

Back to top button