
پشار (بیورو رپورٹ)وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی نے یومِ سیاہ کشمیر کے موقع پر اپنے پیغام میں کشمیری عوام سے بھرپور یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ 27 اکتوبر 1947ء کشمیر کی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے، جب بھارتی فورسز نے جموں و کشمیر پر ناجائز قبضے کے لیے سری نگر میں داخل ہو کر نہتے کشمیریوں پر ظلم و جبر کا آغاز کیا، جو آج تک جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ آزادی مقبوضہ کشمیر کے عوام کا بنیادی حق ہے، اور ہم ان کی جدوجہدِ آزادی میں ان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے انسانی حقوق کے بین الاقوامی اداروں سے مطالبہ کیا کہ وہ بھارتی مظالم کا نوٹس لیں اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کو حقِ خودارادیت دلانے میں عملی کردار ادا کریں، کیونکہ خطے کا پائیدار امن مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل سے وابستہ ہے۔یومِ سیاہ کشمیر کے موقع پر جاری بیان میں وزیر اعلیٰ نے کشمیری عوام کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام دہائیوں سے آزادی کی جدوجہد کر رہے ہیں، جس کی دنیا میں کوئی مثال نہیں ملتی۔محمد سہیل آفریدی نے کہا کہ بحیثیت وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا وہ صوبے کے عوام اور حکومت کی جانب سے اپنے کشمیری بھائیوں کو مکمل حمایت کا یقین دلاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انشائ اللہ کشمیری عوام کی یہ جدوجہد کامیابی سے ہمکنار ہوگی اور وہ جلد امن، آزادی اور خوشحالی کی نئی زندگی کا آغاز کریں گے۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بھارت جو خود کو دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت کہلاتا ہے، گزشتہ سات دہائیوں سے کشمیریوں پر بدترین ریاستی ظلم و ستم روا رکھے ہوئے ہے، جو انتہائی قابلِ مذمت ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت اپنے غیر قانونی قبضے کو برقرار رکھنے کے لیے آئے روز نئے ہتھکنڈے استعمال کر رہا ہے۔گزشتہ کئی برسوں سے کشمیری عوام پر مسلط کی گئی یکطرفہ پابندیاں، طویل محاصرہ اور بنیادی انسانی حقوق کی سنگین پامالیاں، بین الاقوامی برادری، اقوامِ متحدہ اور انسانی حقوق کے اداروں کے لیے لمح? فکریہ ہیں۔محمد سہیل آفریدی نے عالمی انسانی حقوق کے اداروں سے مطالبہ کیا کہ وہ کشمیری عوام کو اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کرنے کا حق دلائیں اور اقوام متحدہ کی قراردادوں پر من و عن عمل درآمد یقینی بنائیں۔انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کی پرامن جدوجہدِ آزادی انسانی حقوق کے تحفظ کی ایک لازوال مثال ہے، جسے کسی صورت دبایا نہیں جا سکتا۔ خیبر پختونخوا کی حکومت اور عوام اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور ان کی تحریکِ آزادی کی بھرپور حمایت جاری رکھیں گے۔




