مظفرآباد

برادرنسبتی نے مظلوم شخص کے معمر والد کو بھیک مانگنے پر لگا دیا

مظفرآباد (محاسب نیوز)سید نصیر حسین شاہ ولد منظور حسین شاہ سکنہ پنجکوٹ، ہال طارق آباد اپنے دکھوں کا بوجھ لیے مرکزی ایوانِ صحافت کے سائلین ڈیسک پر پہنچ گئے، جہاں انہوں نے صحافیوں کے سامنے اپنی لرزہ خیز رودادِ مظلومیت بیان کی۔انہوں نے بتایا کہ ان کے والدجن کی عمر سو برس سے زائد تھی، بصارت سے محروم اور یادداشت کمزور ہو چکی تھی—اپنے آخری ایام میں انتہائی بے بسی کی زندگی گزارنے پر مجبور کر دیے گئے۔ نصیر حسین کے مطابق ان کے سالے تنویر شاہ اور اس کے بیٹوں نے معمر والد کو اسلام آباد بارہ کہو کے مقام پر ایک پل کے نیچے بٹھا کر مسجد کا چندہ اور بھیک مانگنے پر لگا دیا، جو انسانیت سوز اقدام کی بدترین مثال ہے۔سید نصیر حسین نے الزام عائد کیا کہ ان کے والد کی تمام جمع پونجی، 22 لاکھ روپے، جو ان کے اکاؤنٹ میں موجود تھی، دھوکے اور دباو کے ذریعے ہتھیالی گئی۔ مزید یہ کہ ایک بھائی جو ذہنی معذور ہے، اس سے جعلی طور پر انگوٹھے لگوا کر خاندانی زمین بھی اپنے نام منتقل کر لی گئی۔ انہوں نے بتایا کہ ان کے والد نے حیات میں انہیں 18 لاکھ روپے کی وصولی کے لیے مختارنامہ بھی دیا تھا، مگر اس کے باوجود جعلسازی سے پوری رقم نکال لی گئی۔سید نصیر نے شکوہ کیا کہ ظلم کا شکار ہونے کے باوجود الٹا ان پر ہی تھانہ سٹی میں مختلف درخواستیں دے کر اندراجِ مقدمہ کی کارروائیاں شروع کروائی گئیں، جن سے بچنے کے لیے انہیں ضمانت لینا پڑی۔انہوں نے کہا کہ وہ گزشتہ ڈیڑھ ماہ سے باپ کی وفات کے صدمے اور رشتے داروں کی طرف سے جاری ظلم و زیادتی کے سبب ذہنی اذیت میں مبتلا ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کے سالے اور اس کے بیٹے نہ صرف انہیں ہراساں کر رہے ہیں بلکہ روز روز کی درخواست بازی سے ان کی زندگی اجیرن بنا دی گئی ہے۔سید نصیر حسین نے انسپکٹر جنرل پولیس، ایس ایس پی مظفرآباد اور دیگر اعلیٰ حکام سے فوری مداخلت کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ انہیں ظلم کرنے والے عناصر سے نجات دلائی جائے، جعلسازی سے نکالی گئی رقم واپس دلائی جائے اور زمین کی غیر قانونی منتقلی کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔انہوں نے حلقہ کے وزیر سید باذر علی نقوی سے بھی اپیل کی کہ وہ ان کے ساتھ ہونے والی زیادتیوں کا نوٹس لیں تاکہ وہ اپنی بقیہ زندگی امن، عزت اور سکون کے ساتھ گزار سکیں۔

Related Articles

Back to top button