
باغ(بیورورپورٹ) آل جموں کشمیر مسلم کانفرنس کے صدر و سابق وزیر اعظم سردار عتیق احمد خان نے اپنے حالیہ دورہ باغ و ملحقہ علاقوں کے دوران مختلف سیاسی، سماجی اور تعزیتی تقاریب میں شرکت کی اور عوامی رابطہ مہم کو مزید مستحکم کیا۔سردار عتیق احمد خان نے لون ہوتر میں مسلم کانفرنس کے مرکزی رہنما سردار شوکت شریف کے بیٹے کی شادی میں خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر پارٹی کارکنان اور علاقہ معززین کی بڑی تعداد موجود تھی۔ سردار عتیق احمد خان نے کارکنان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 18 دسمبر کو کارکنان رئیس الاحرار قائدِ ملت چوہدری غلام عباس کی 58ویں برسی میں بھرپور شرکت کو یقینی بنائیں۔سردار عتیق احمد خان نے نو بیاہتا جوڑے کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور مسلم کانفرنس کے کارکنان کی خدمات کو سراہا۔جگلڑی پہنچ کر انہوں نے مسلم کانفرنس کے سینئر رہنما اور مجاہدِ اوّل سردار عبدالقیوم خان کے دیرینہ ساتھی چیئرمین راجہ حبیب خان مرحوم کی وفات پر ان کے اہل خانہ سے اظہارِ تعزیت کیا۔اس موقع پر ان کے ہمراہ سینئر نائب صدر مسلم کانفرنس سردار عبدالرشید چغتائی ایڈووکیٹ، سابق وزیر راجہ محمد یسین خان، ڈسٹرکٹ کونسلر راجہ تبارک علی خان، حاجی محمد رشید چغتائی، راجہ خورشید عالم، راجہ اشیر خان، راجہ مقبول خان سمیت دیگر سیاسی و سماجی رہنما بھی موجود تھے۔سردار عتیق احمد خان نے مرحوم کی جماعتی خدمات کو شاندار الفاظ میں خراجِ عقیدت پیش کیا۔بعد ازاں صدر مسلم کانفرنس ارجہ گئے جہاں انہوں نے چوہدری منور حسین مرحوم کے بیٹے چوہدری مظلوم حسین کی وفات پر اہل خانہ سے دلی تعزیت کی۔انہوں نے لواحقین کے لیے صبرِ جمیل اور مرحوم کے لیے بلندی درجات کی دعا کی۔



