سپریم کورٹ نے لوکل گورنمنٹ سے اضافی چارج، عارضی انتظام ختم کردیئے
مظفرآباد(محاسب نیوز)آزادجموں و کشمیر سپریم کورٹ نے محکمہ لوکل گورنمنٹ و دیہی ترقی میں تمام اضافی چارج اور عارضی انتظام ختم کرتے ہوئے ایک ماہ کے اندر تعمیلی رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کروانے کے احکامات جاری کیے ہیں، سپریم کورٹ نے فہد ابرار کیس میں دیئے گئے فیصلہ پر عملدرآمد میں تاخیر پر ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے سیکرٹری لوکل گورنمنٹ کو ایک ماہ کے اندر فیصلہ پر عملدرآمد کے احکامات جاری کیے ہیں، فہد ابرار کیس میں سپریم کورٹ نے محکمہ کے اندر اضافی چارج اور عارضی انتظام کے تحت نظام چلانے کی پالیسی کو خلاف قانون قرار دیتے ہوئے تمام اضافی چارج کے حامل ملازمین کو اصل جائے تعیناتی پر حاضر ہونے کے احکامات دیئے تھے جن پر عملدرآمد نہیں کیا گیا، اس فیصلہ پر عملدرآمد نہ ہونے کے خلاف خواجہ غلام رسول بنام آزاد حکومت درخواست پر سپریم کورٹ نے ایک ماہ کے اندر محکمہ لوکل گورنمنٹ و دیہی ترقی کے اندر اضافی چارج اور عارضی انتظام ختم کرنے کے ساتھ تمام ملازمین کو اپنی اصل جائے تعیناتی پر حاضر کرکے تعمیلی رپورٹ سپریم کورٹ جمع کروانے کا حکم دیا، عدالت نے سیکرٹری لوکل گورنمنٹ کی جانب سے پیش کردہ سمری پر ناراضی کا اظہار کیا اور فیصلہ پر ایک ماہ کے اندر عملدرآمد یقینی بنانے کیلئے سیکرٹری لوکل گورنمنٹ اور مجاز اتھارٹی کو احکامات جاری کیے، خواجہ غلام رسول کی جانب سے میر شرافت حسین ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے۔




