مظفرآباد

شاریاں‘ کم عمر نوجوانوں کی جانب سے موٹر سائیکلوں پر خطرناک‘ تیز رفتار ی معمول

شاریاں (نمائندہ محاسب)سائیں باغ بازار شاریاں میں کم عمر نوجوانوں کی جانب سے موٹر سائیکلوں پر خطرناک کرتب اور تیز رفتاری معمول بن چکی ہے، جس کے باعث سکول کے اوقات سمیت طلبہ و طالبات اور بازار آنے والے شہریوں، بچوں اور بزرگوں کا پیدل چلنا بھی محال ہو گیا ہے۔ اٹھارہ سال سے کم عمر نوجوان بغیر ہیلمٹ اور بغیر لائسنس موٹر سائیکلیں ہوا میں اڑاتے، ون ویلنگ کرتے اور ہارن بجاتے ہوئے بازار میں دندناتے پھر رہے ہیں، جو کسی بڑے حادثے کو دعوت دینے کے مترادف ہے۔علاقہ مکینوں کے مطابق سائیں باغ بازار ایک گنجان تجارتی مرکز ہے جہاں روزانہ خواتین، بچے، بزرگ اور دور دراز سے آنے والے خریدار بڑی تعداد میں موجود ہوتے ہیں، مگر کم عمر موٹر سائیکل سواروں کی لاپرواہی کے باعث ہر وقت خوف کی فضا قائم رہتی ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ کئی بار موٹر سائیکلیں بے قابو ہو کر لوگوں کے قریب سے گزرتی ہیں، معمولی سی لغزش کسی قیمتی جان کے ضیاع کا سبب بن سکتی ہے۔مقامی دکانداروں اور سماجی حلقوں نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ والدین کی عدم توجہی اور ٹریفک قوانین پر عملدرآمد نہ ہونے کی وجہ سے کم عمر نوجوان کھلے عام قانون شکنی کر رہے ہیں، مگر تاحال متعلقہ محکمے خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔ بازار کمیٹی شاریاں اوراہلِ علاقہ نے ڈپٹی کمشنر جہلم ویلی محترمہ بینش جرال، اسسٹنٹ کمشنر کامران خان، ایس پی جہلم ویلی سید عباس علی گردیزی ٹریفک پولیس اور دیگر متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری نوٹس لیا جائے، بازار میں مؤثر گشت کو یقینی بنایا جائے، کم عمر اور بغیر لائسنس موٹر سائیکل سواروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے اور والدین کو بھی پابند کیا جائے کہ وہ نابالغ بچوں کو موٹر سائیکل چلانے سے روکیں۔شہریوں نے خبردار کیا ہے کہ اگر بروقت اقدامات نہ کیے گئے تو کسی بھی وقت کوئی بڑا حادثہ رونما ہو سکتا ہے، جس کی تمام تر ذمہ داری متعلقہ اداروں پر عائد ہو گی۔

Related Articles

Back to top button