مظفرآباد

مقبول بٹ شہید برسی شایانِ شان طریقے سے منانے کیلئے فریڈم موومنٹ کی تیاریوں کاآغاز

مظفرآباد (نمائندہ خصوصی) کشمیر فریڈم موومنٹ نے بابا قوم، شہیدِ آزادی مقبول بٹ شہید کی برسی کو شایانِ شان انداز میں منانے کے لیے تیاریوں کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے۔ اس سلسلے میں کشمیر فریڈم موومنٹ کے مرکزی قائدین نے ایک مشترکہ بیان جاری کرتے ہوئے دنیا بھر میں مقیم تنظیم کے کارکنان اور ہمدردوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ مقبول بٹ شہید کی برسی کے موقع پر سیمینارز، ریلیاں، جلسے اور جلوس منعقد کریں تاکہ شہید رہنما کی جدوجہد، افکار اور قربانیوں کو اجاگر کیا جا سکے۔ ممبران مرکزی ورکنگ کونسل کشمیر فریڈم موومنٹ مرکزی صدر انجینئر فیض اللہ خان،سنیئر نائب صدر حاجی عبدالحمید،سابق سنیئر نائب صدر حاجی محمد یاسین،نائب صدور خالد پرویز مغل،چوہدری محمد نواز،سردار اشتیاق آتش،محمد نذیر درانی،گلفراز طاہر،خورشید کاشر ایڈووکیٹ،چوہدری طارق،سیکرٹری جنرل محمد شفیق کیانی،چیئرمین سفارتی بورڈ غلام حسین،سابق صدور انجینئر محمد افضل ضیائی،انجینئرخالد پرویز بٹ،مرکزی سیکرٹری اطلاعات انجینئرمحمد وقاص،چوہدری ظفر اقبال دھمیا،محمد تصور جنجوعہ،اظہر احمد،محمود کاظمی ایڈووکیٹ،مظہر اقبال بٹ،سید تصدق حسین نے اپنے مشترکہ بیان میں بیان میں کہا کہ بابا قوم مقبول بٹ شہید کشمیری عوام کے دلوں میں زندہ ہیں اور ان کی دی گئی قربانیاں کبھی فراموش نہیں کی جا سکتیں۔ انہوں نے کہا کہ مقبول بٹ شہید نے اپنی پوری زندگی کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کے لیے وقف کر دی اور اپنے نظریے پر ثابت قدم رہتے ہوئے جامِ شہادت نوش کیا۔ ممبران ورکنگ کونسل نے کہا کہ برسی کے موقع پر منعقد کیے جانے والے پروگراموں کا مقصد نئی نسل کو مقبول بٹ شہید کی جدوجہد، فکر اور پیغام سے آگاہ کرنا ہے تاکہ آزادی کی یہ تحریک فکری اور سیاسی طور پر مزید مضبوط ہو سکے۔انہو ں نے کہا کہ مقبول بٹ شہید صرف ایک فرد نہیں بلکہ ایک نظریہ تھے، اور نظریات کو شہید نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں بسنے والے کشمیری اور آزادی پسند افراد کی ذمہ داری ہے کہ وہ اس دن کو بھرپور انداز میں منائیں اور عالمی برادری کی توجہ کشمیری عوام کے دیرینہ مسئلے کی جانب مبذول کروائیں۔ممبران ورکنگ کونسل نے واضح کیا کہ برسی کے موقع پر منعقد ہونے والی سرگرمیاں پرامن، منظم اور بامقصد ہوں گی، جن کے ذریعے مقبول بٹ شہید کے مشن کو اجاگر کیا جائے گا۔مرکزی قائدین نے اپنے مشترکہ بیان میں اس عزم کا اظہار کیا کہ کشمیر فریڈم موومنٹ مقبول بٹ شہید کے نظریات اور اصولوں پر کاربند رہتے ہوئے کشمیری عوام کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت کا سلسلہ جاری رکھے گی۔ انہوں نے کارکنان پر زور دیا کہ وہ مقامی قوانین اور حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے پروگرام ترتیب دیں اور میڈیا کے ذریعے مقبول بٹ شہید کی جدوجہد کو اجاگر کریں۔بیان کے اختتام پر کہا گیا کہ مقبول بٹ شہید کی برسی تجدیدِ عہد کا دن ہے، جس میں یہ پیغام دیا جائے گا کہ کشمیری عوام اپنے جائز حق سے دستبردار نہیں ہوں گے اور آزادی، انصاف اور وقار کی جدوجہد ہر حال میں جاری رہے گی۔

Related Articles

Back to top button