مظفرآباد
ہائیکورٹ نظامِ انصاف بہتری کیلئے ذمہ دارانہ کردار ادا کر رہی ہے‘چیف جسٹس
مظفرآباد (پی آئی ڈی) چیف جسٹس عدالت العالیہ آزادجموں وکشمیر جسٹس سردار لیاقت حسین کی سنٹرل بار ایسوسی ایشن آزادجموں وکشمیر مظفرآباد کے زیرِ اہتمام نئے انرول ہونے والے وکلاء صاحبان کو لائسنس جاری کرنے کی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت۔ اس موقع پر سینئر جج عدالتِ العالیہ جسٹس سید شاہد بہار بھی موجود تھے۔ تقریب میں ممبران آزاد جموں و کشمیر بار کونسل، صدر سپریم کورٹ بار آزاد جموں و کشمیر راجہ آفتاب احمد ایڈووکیٹ، جنرل سیکرٹری ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن راجہ ظفر عمر ایڈووکیٹ سمیت وکلا کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف جسٹس عدالتِ العالیہ آزاد جموں و کشمیر جسٹس سردار لیاقت حسین نے کہا کہ ہائی کورٹ نظامِ انصاف کی بہتری کے لیے مؤثر اور ذمہ دارانہ کردار ادا کر رہی ہے اور وکلاء کے جائز مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ سنٹرل بار سمیت تمام بار ایسوسی ایشنز نے ہمیشہ آئین کی بالادستی، رول آف لا، عدلیہ کے وقار اور عام آدمی کو انصاف کی فراہمی کے لیے مثبت کردار ادا کیا ہے جو لائقِ تحسین ہے۔ چیف جسٹس عدالت العالیہ نے کہا کہ عدلیہ اور وکلاء کا رشتہ چولی دامن کا ساتھ ہے۔قبل ازیں صدر سنٹرل بار ایسوسی ایشن سید انیس الحسن گیلانی نے چیف جسٹس عدالتِ العالیہ آزاد جموں و کشمیر جسٹس سردار لیاقت حسین اور سینئر جج عدالتِ العالیہ جسٹس سید شاہد بہارکی سنٹرل بار آمد پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا نظامِ عدل کی بہتری کے لیے ہائی کورٹ کے ساتھ مکمل تعاون جاری رکھیں گے۔ بعد ازاں چیف جسٹس عدالتِ العالیہ جسٹس سردار لیاقت حسین نے سنٹرل بار ایسوسی ایشن کیسپورٹس کلب کا افتتاح بھی کیا۔ افتتاح کے موقع پر سینئر جج عدالتِ العالیہ جسٹس سید شاہد بہار اور وکلا کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔




