مظفرآباد
ریشیاں لیپہ سڑک پرکام بلا تعطل جاری‘جلدٹریفک بحال کردیںگے‘ ایس ڈی اوشاہرات
ہٹیاں( بالا بیورو رپورٹ )محکمہ شاہرات جہلم ویلی کے ایس ڈی او راجہ مسرور خان کے مطابق ریشیاں۔لیپا روڈ پر برف ہٹانے اور سڑک کی بحالی کا کام رات گئے تک بلا تعطل جاری رہا۔ محکمہ کی مشینری اور عملہ شدید سرد موسم کے باوجود مسلسل مصروفِ عمل رہا، جس کے نتیجے میں سڑک کو دا¶کھن تک آمدورفت کے لیے بحال کر دیا گیا ہے۔محکمہ شاہرات کے مطابق اس وقت علاقے میں موسم ایک مرتبہ پھر خراب ہو گیا ہے اور برفباری کا سلسلہ شروع ہونے کے باعث کام عارضی طور پر متاثر ہو سکتا ہے۔ تاہم مشینری اور عملہ الرٹ ہیں اور موسم کی صورتحال بہتر ہوتے ہی برف ہٹانے کا عمل دوبارہ شروع کر دیا جائے گا۔محکمہ شاہرات کا کہنا ہے کہ ریشیاں۔لیپا روڈ ایک اہم رابطہ سڑک ہے، جس کی بحالی کو اولین ترجیح دی جا رہی ہے تاکہ لیپا ویلی کے عوام کو آمدورفت میں درپیش مشکلات سے نجات دلائی جا سکے۔ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ خراب موسم کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور محکمہ شاہرات کے ساتھ تعاون کریں۔حکام کے مطابق موسم صاف رہنے کی صورت میں برف ہٹانے کا عمل بلا تعطل جاری رکھا جائے گا اور سڑک کو مکمل طور پر ٹریفک کے لیے کھول دیا جائے گا۔دریں اثنائ ضلع جہلم ویلی کی تحصیل وادی لیپا کا ضلعی ہیڈکوارٹر ہٹیاں بالا سے زمینی رابطہ تیسرے روز بھی منقطع، وادی کے لاکھوں نفوس پر مشتمل آبادی محصور ہوکر رہ گئی،بھاری برف باری کے باعث برفانی تودوں نے سڑک بحالی آپریشن میں رکاوٹیں پیدا کردیں، محکمہ شاہرات جہلم ویلی سڑک بحالی میں متحرک و مستعد،محکمہ تعمیرات عامہ شاہرات جہلم ویلی کے نائب مہتمم راجہ مسرور احمد نے صحافیوں کو بتایا کہ لمنیاں سے ریشیاں کی جانب روڈ بحال کردی گئی ہے، گزشتہ روز اسی شاہراہ پر مشینری کے ذریعے صفائی کرتے ہوئے ریشیاں سے لمنیاں تک سڑک کو بحال کیا گیا تھا، تاہم رات گئے گلیشیئر آنے کے باعث سڑک ایک مرتبہ پھر مکمل طور پر بند ہو گئی، ریشیان سے داوکھن تک پانچ کلو میٹر روڈ بھی کلیئر کرلی گئی ہے جبکہ چھ مختلف مقامات پر گلیشیئرز آنے سے صورتحال مزید سنگین ہو گئی ہے،محکمہ شاہرات کی جانب سے بروقت کارروائی کرتے ہوئے صبح تین بجے تک ریشیاں تک روڈ کلیئر کر دی گئی، ریشیاں سے آگے برفباری کی شدت زیادہ ہونے اور بڑی تعداد میں گلیشیئرز آنے کے باعث صفائی کے عمل میں دشواری پیش آ رہی ہے، محکمہ شاہرات کے مطابق رواں سال گزشتہ 10 سے 12 سال کے دوران سب سے زیادہ برفباری ریکارڈ کی گئی ہے، جس کے باعث روڈ کلیئرنس میں غیر معمولی مشکلات درپیش ہیں،مزید برآں محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق ایک روز کے وقفے سے دوبارہ بارش اور برفباری کا امکان ہے، جو صورتحال کو مزید پیچیدہ بنا سکتا ہے،محکمہ شاہرات نے واضح کیا ہے کہ تمام دستیاب وسائل، مشینری بروئے کار لاتے ہوئے سڑک کی جلد از جلد بحالی کے لیے بھرپور کوششیں جاری ہیں،دریں اثنائ ضلع جہلم ویلی کے مختلف علاقوں میں برف باری کے باعث چار رہائشی مکانات مکمل جبکہ تیرہ جزوی طور پر تباہ ہونے کی سرکاری زرائع نے تصدیق کردی ہے،ضلع کے اکثر علاقوں کی بجلی محکمہ برقیات نے بحال کردی ہے البتہ درجنوں رابطہ سڑکیں تاحال بند ہیں،سب ڈویژنل ہیڈ کوارٹر چکار میں تین روز سے ٹیلی نار کی سروس مکمل طور پر بند ہونے کے باعث عوام کو شدید مشکلات اور پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔





