واپڈا نے RHQہسپتال چلاس کیلئے جدید طبی سامان فراہم کردیا
پراجیکٹ ایریا میں صحت عامہ کے بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنانے کے سلسلے میں آئی سی یو کے لیے جدید اور ضروری طبی آلات فراہم کیے گئے ہیں،ترجمان واپڈا

چلاس(پ،ر)واپڈا دیامر بھاشا ڈیم پراجیکٹ نے اعتماد سازی کے اقدامات کے تحت ریجنل ہیڈ کوارٹر اسپتال چلاس کے 10 بیڈز پر مشتمل آئی سی یو کے لیے ساڑھے چار کروڑ روپے سے زائد مالیت کا جدید طبی سامان فراہم کردیا ہے۔ترجمان واپڈا کے مطابق، پراجیکٹ ایریا میں صحت عامہ کے بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنانے کے سلسلے میں آئی سی یو کے لیے جدید اور ضروری طبی آلات فراہم کیے گئے ہیں۔ ان میں 10 جدید کارڈیک مانیٹرز، ایک سینٹرل مانیٹرنگ سسٹم، 10 موٹرائزڈ بیڈزبمعہ دیگر سامان، 10 بیڈ سائیڈ کیبنٹس اور 10 بڑے آکسیجن سلنڈرز بمعہ سامان شامل ہیں۔دیگر فراہم کردہ آلات میں ای سی جی مشین، ایک سکشن مشین بمعہ سامان، 5 سرنج پمپس، 5 انفیوژن پمپس، اسٹریچر ٹرالی، ایمرجنسی ٹرالی، 2 بائی پیپ (BIPIP)یونٹس، 2 سی پاپ (CPAP)مشینیں اور ایک ڈیفبریلیٹر بمعہ لوازمات شامل ہیں۔ مزید برآں دو وینٹی لیٹر اور ایک پورٹیبل سکشن مشین بھی بہت جلد اسپتال انتظامیہ کے حوالے کر دی جائے گی۔ ترجمان کا کہنا ہیکہ واپڈا کی جانب سے فراہم کیا گیا طبی سامان عوام سے کیے گئے ایک اور وعدے کی تکمیل ہے۔ اس سے چلاس آر ایچ کیو اسپتال کے دس بیڈ پر مشتمل آئی سی یو کے انفراسٹرکچر میں بہتری آئے گی اور دیامر کے عوام کو جدید ترین آئی سی یو کی سہولیات میسر ہوں گی۔واپڈا اس سے قبل بھی پراجیکٹ ایریا کے دور دراز مقامات پر 10 میڈیکل کیمپس لگا چکا ہے جبکہ اپر کوہستان کے علاقے ہربن میں بنیادی صحت مرکز کو اپ گریڈ کیا جا چکا ہے۔ اسی طرح رورل ہیلتھ سینٹر شتیال کو بھی جلد اپ گریڈ کیا جائے گا۔ علاوہ ازیں، واپڈا اسپتال تھور اور بوشی داس اپر کوہستان میں عوام کو مفت طبی معائنہ اور ادویات فراہم کی جارہی ہیں۔۔یہ امر قابل ذکر ہے کہ پراجیکٹ ایریا میں تعلیم، صحت اور بنیادی ڈھانچے کی بہتری کے منصوبوں پر 78 ارب 50 کروڑ روپے خرچ کیے جارہے ہیں۔