ابیٹ آباد

اوگی شہریوں کے مسائل حل کیلئے تمام ادارے مل کر کام کریں ، اکرام غازی

اوگی (نامہ نگار) چیئرمین ڈیڈک کمیٹی مانسہرہ اور ایم پی اے پی کے 39 اکرام غازی نے اسسٹنٹ کمشنر آفس اوگی کے ہال میں منعقدہ پبلک ڈے میں عوامی مسائل سنے۔ اس موقع پر حلقہ پی کے 39 کے مختلف علاقوں اور مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور اپنے مسائل پیش کیے۔ پبلک ڈے کے دوران متعدد اہم عوامی مسائل زیرِ بحث آئے جن میں اوگی تا مانسہرہ و دربند روڈ کی خستہ حالی، بوائز ڈگری کالج اوگی اور گرلز ہائیر سیکنڈری اسکول ڈنڈاخولیاں میں کلاسز کے لیے تدریسی عملے کی کمی، کالج روڈ کی ناقابلِ استعمال حالت، غیر قانونی مائننگ کی روک تھام، اوگی بھر میں گٹکا اور ماوا جیسے مضر صحت اشیائ کی سرعام فروخت، بازارگے کے مقام پر دربند روڈ پر ناجائز تجاوزات کی بھرمار اور علاقہ میں صحت کی سہولیات کا شدید فقدان شامل تھے۔پبلک ڈے میں اسسٹنٹ کمشنر اوگی وقاص مسعود چوہدری، ٹی ایم او عامر شہزاد، سی اینڈ ڈبلیو کے انجینئر محمد افضل سمیت دیگر محکموں کے نمائندگان بھی موجود تھے۔ مختلف یونینز اور عوامی نمائندگان نے اپنے اپنے علاقوں کی نمائندگی کرتے ہوئے مسائل اٹھائے جن میں چیئرمین وی سی ڈنڈاخولیاں حاجی محمد عرفان، پی پی پی کسان ونگ ہزارہ ڈویڑن کے صدر انور سعید خان، جنرل کونسلر وی سی شیرگڑھ سید لال بادشاہ، سبزی فروش یونین کے سابق صدر بابر خان اور تنظیم اساتذہ کے صدر محمد سلیم شامل تھے۔ایم پی اے اکرام غازی نے تمام شکایات اور مسائل کو بغور سنا اور شرکائ کو یقین دہانی کرائی کہ تمام پیش کردہ مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ عوامی مسائل کے پائیدار حل کے لیے تمام ادارے اور محکمے مل کر کام کریں گے تاکہ علاقہ کے عوام کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔پبلک ڈے کا انعقاد ایک مثبت پیش رفت قرار دیا گیا جس سے عوام اور منتخب نمائندوں کے درمیان براہِ راست رابطہ ممکن ہوا، اور لوگوں کو اپنی آواز بلند کرنے کا موقع ملا۔ عوامی سطح پر ایسے اقدامات کو سراہا گیا اور مطالبہ کیا گیا کہ اس طرح کے سیشنز کو باقاعدگی سے منعقد کیا جائے تاکہ عوامی مسائل کا بروقت ازالہ ممکن ہو سکے۔

Related Articles

Back to top button