این سی ایچ ڈی اور یونیورسٹی آف بلتستان کے مابین مفاہمتی یادداشت پر دستخط
معاہدے پر وائس چانسلر یونیورسٹی آف بلتستان پروفیسر ڈاکٹر نعیم طارق ناریجو اور این سی ایچ ڈی سکردو کے ڈسٹرکٹ ہیڈ سید ایم حسین بخاری نے دستخط کیے

سکردو(پریس ریلیز) نیشنل کمیشن فار ہیومن ڈویلپمنٹ (NCHD) اور یونیورسٹی آف بلتستان کے درمیان تعلیم، سماجی ترقی اور کمیونٹی انگیجمنٹ کے فروغ کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے۔معاہدے پر وائس چانسلر یونیورسٹی آف بلتستان پروفیسر ڈاکٹر نعیم طارق ناریجو اور این سی ایچ ڈی سکردو کے ڈسٹرکٹ ہیڈ سید ایم حسین بخاری نے دستخط کیے، جبکہ ڈپٹی ڈائریکٹر آپریشنز گلگت بلتستان اجلال حسین بھی اس موقع پر موجود تھے۔یہ معاہدہ وزیرِاعظم پاکستان کی ہدایات پر شروع کیے گئے تعلیمی ایمرجنسی 2024 کے تحت پروگرام ایچ ون ٹیچز ون (Each One Teaches One – EOTO) کو فروغ دینے کے لیے مشترکہ کوششوں کا حصہ ہے۔اس شراکت داری کے تحت یونیورسٹی آف بلتستان فوکل پرسنز نامزد کرے گی، ماسٹر ٹرینرز فراہم کرے گی اور طلبہ کو خواندگی و کمیونٹی ڈویلپمنٹ کی سرگرمیوں میں شامل کرے گی۔ جبکہ این سی ایچ ڈی تکنیکی معاونت، تربیت، نصابی مواد اور نتائج کی مانیٹرنگ کی ذمہ داری سنبھالے گی۔مزید برآں، معاہدے میں گریجویٹس کے لیے انٹرن شپ اور روزگار کے مواقع، مشترکہ تحقیقی منصوبے، اشاعتوں کا تبادلہ، سیمینارز، ورکشاپس اور طلبہ کی رضاکارانہ خدمات کو بھی شامل کیا گیا ہے۔نامزد فوکل پرسنز میں محمد اقبال (ہیڈ آف پروگرامز این سی ایچ ڈی سکردو) این سی ایچ ڈی کی نمائندگی کریں گے، جبکہ یونیورسٹی آف بلتستان کی جانب سے شمشاد حسین کو فوکل پرسن نامزد کیا گیا ہے، جو ادارہ جاتی سرگرمیوں کے رابطہ کار ہوں گے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے دونوں اداروں کے نمائندگان نے کہا کہ یہ اشتراک بلتستان کے نوجوانوں کے لیے نئے مواقع فراہم کرے گا، کمیونٹیز کو بااختیار بنائے گا اور گلگت بلتستان میں انسانی ترقی کے عمل کو تیز تر بنائے گا، جو بالآخر پاکستان کی مجموعی ترقی میں اہم کردار ادا کرے گا۔