مظفرآباد

مشتاق خان جماعت اسلامی کے قائمقام امیر‘ قاضی شاہد حمید سیکرٹری جنرل مقرر

مظفرآباد / اسلام آباد(محاسب نیوز) جماعت اسلامی آزاد جموں و کشمیر کے امیر ڈاکٹر محمد مشتاق خان اور سیکرٹری جنرل راجہ جہانگیر خان ایک اہم بیرونِ ملک تنظیمی، دعوتی اور فکری دورے پر روانہ ہو گئے ہیں۔ قیادت کی اس عارضی عدم موجودگی کے دوران جماعتی نظم و نسق کو مؤثر اور مربوط انداز میں جاری رکھنے کے لیے جماعتِ اسلامی آزاد جموں و کشمیر کی شوریٰ کی منظوری سے گلگت بلتستان سے مشتاق خان ایڈووکیٹ کو قائمقام امیر جبکہ مظفرآباد سے قاضی شاہد حمید ایڈووکیٹ کو قائمقام سیکرٹری جنرل مقرر کر دیا گیا ہے۔ دونوں ذمہ دان نے مرکز جماعت اسلامی اسلام آباد میں منعقدہ ایک مجلس میں اپنے اپنے عہدوں کا حلف اٹھایا، جہاں مرکزی و علاقائی قیادت نے ان پر اعتماد کا اظہار کیا اور جماعتی مشن کو پوری قوت سے جاری رکھنے کی ہدایت کی۔ اس موقع پر قائمقام سیکرٹری جنرل قاضی شاہد حمید ایڈووکیٹ نے جاری کردہ بیان میں کہا کہ جماعت اسلامی ایک نظریاتی، منظم اور آئینی حدود میں چلنے والی تحریک ہے، جہاں قیادت کی تبدیلی یا عبوری ذمہ داریوں کی منتقلی ہمیشہ مشاورت، نظم اور اصولوں کے تحت کی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ امیر جماعت ڈاکٹر محمد مشتاق خان اور سیکرٹری جنرل راجہ جہانگیر خان کا بیرونِ ملک دورہ عالمی سطح پر کشمیری عوام کے مؤقف کو اجاگر کرنے، جماعتی روابط کو مضبوط بنانے اور دعوتی سرگرمیوں کو وسعت دینے کے لیے نہایت اہم ہے، جس کے مثبت نتائج ان شاء اللہ جلد سامنے آئیں گے۔ قاضی شاہد حمید ایڈووکیٹ نے کہا کہ قائمقام سیکرٹری جنرل کی ذمہ داری ان کے لیے اعزاز اور امانت ہے، جسے وہ پوری دیانت، محنت اور اخلاص کے ساتھ نبھائیں گے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اس عبوری دور میں جماعتِ اسلامی کی پالیسی، موقف اور جدوجہد میں کسی قسم کی تبدیلی نہیں آئے گی، بلکہ تنظیمی استحکام، عوامی رابطہ مہم، دعوتی سرگرمیوں اور فلاحی اقدامات کو مزید تیز کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ جماعتِ اسلامی اقتدار کی نہیں بلکہ کردار کی سیاست پر یقین رکھتی ہے اور اس کا مقصد ایک ایسا فلاحی اور منصفانہ معاشرہ قائم کرنا ہے جہاں قانون کی بالادستی، شفافیت، دیانتداری اور خدمتِ خلق کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے نوجوانوں سے خصوصی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ مایوسی، بے سمتی اور منفی سیاست سے نکل کر جماعت اسلامی کے پلیٹ فارم سے مثبت، تعمیری اور بااصول جدوجہد کا حصہ بنیں۔

Related Articles

Back to top button