میر جہان شاہ 40سالہ ملازمت کے بعد سبکدوش
میر جہان شاہ کی خدمات کو نہ صرف پریس انفارمیشن ڈپارٹمنٹ بلکہ گلگت بلتستان کی حکومت اور عوام نے بھی سراہا

گلگت(پ،ر)سینئر فوٹوگرافر میر جہان شاہ عرف عباس نے وفاقی پریس انفارمیشن ڈپارٹمنٹ میں 40 سالہ شاندار خدمات کے بعد ملازمت سے سبکدوشی اختیار کر لی۔ میر جہان شاہ نے 16 فروری 1986 کو اپنی ملازمت کا آغاز کیا اور اس دوران مشکل حالات میں سرکاری امور کو خوش اسلوبی اور مکمل لگن کے ساتھ انجام دیا۔ملازمت کے ابتدائی دنوں سے ہی میر جہان شاہ نے اپنے کام میں پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کیا اور گلگت بلتستان حکومت کے ساتھ کئی سالوں تک واحد پریس فوٹوگرافر کے طور پر خدمات سرانجام دیں۔ ان کی ذمہ داریوں میں گلگت بلتستان کے دور دراز اور سخت علاقوں کا کوریج شامل تھا، جہاں انہوں نے اہم سرکاری تقریبات، ترقیاتی منصوبوں، اور مختلف سماجی و ثقافتی سرگرمیوں کی عکس بندی کی۔میر جہان شاہ کی خدمات کو نہ صرف پریس انفارمیشن ڈپارٹمنٹ بلکہ گلگت بلتستان کی حکومت اور عوام نے بھی سراہا۔ ان کی محنت اور پیشہ ورانہ مہارت نے میڈیا اور سرکاری رپورٹس میں معیار کو بلند کیا اور مشکل حالات میں بھی فوٹو گرافی کے ذریعے اہم معلومات کی ترسیل ممکن بنائی۔