آزادکشمیر زلزلہ متاثرہ علاقوں میں تعمیر نو کیلئے44ارب درکار

مظفرآباد(محاسب نیوز)سیکرٹری سیرا آزاد کشمیر خالد محمود مرزا نے کہا ہے کہ قیامت خیز زلزلہ 2005 میں متاثرہ اضلاع میں 125 ارب روپے کے مالی نقصان کے بدلے میں اسوقت تعمیرنو پروگرام کا مجموعی حجم 225 ارب روپے ہے جس کے خلاف 181 ارب روپے کے اخراجات عمل میں آچکے ہیں۔ جبکہ تعمیرنو پروگرام کی تکمیل کیلئے تقریبا 44 ارب روپے مزید درکار ہیں قیامت خیز زلزلہ کی 20 ویں برسی کے موقع پر میڈیا نمائندگان کو تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ آج سے 19 سال قبل 8 اکتوبر 2005ء کو ریکٹر اسکیل 7.6 شدت کے قیامت خیز زلزلہ نے آزاد کشمیر کی 56 فیصد آبادی کو متاثر کیا اس سانحہ میں آزاد کشمیر سے 46 ہزار سے زائد شہداء اور 33 ہزار زخمی، اور تین لاکھ سے زائد نجی املاک جبکہ خطہ کے 53 فیصد رقبہ پر موجود صحت،تعلیم، آب رسانی و نکاسی اور مواصلات کی سہولیات مکمل تباہی سے دوچار ہوئیں۔ اس زلزلہ میں ہونے والے نقصان کا مجموعی تخمینہ اس وقت تقریبا 125 ارب روپے لگایا گیا (جس میں نجی شعبہ میں 61 ارب روپے جبکہ سرکاری دفاتر و عوامی سہولیات کے شعبہ میں 64 ارب روپے شامل تھے)۔انسانی تاریخ کے اس المناک سانحہ میں ریسکیو، ریلیف اور بحالی کے آپریشن، جسے آپریشن لائف لائن کانام دیا گیا جس کی کامیابی کا سہرا بلاشبہ حکومت پاکستان، افواج پاکستان پاکستانی عوام برادر اسلامی دوست ممالک اور عالمی اداروں کے سرہے۔