پانی ضائع کرنے والوں اور موذی مرض ڈینگی کیخلاف شکنجہ تیار

مظفرآباد(خبر نگار خصوصی) چیف سیکرٹری، وزیراعظم آزاد کشمیر، وزیر صحت عامہ اور وزیر پبلک ہیلتھ کی ہدایات کے تناظر میں محکمہ پبلک ہیلتھ محکمہ صحت عامہ اور ضلعی انتظامیہ نے موذی مرض ڈینگی اور پینے کے پانی کو ضائع کرنے والوں کے خلاف شکنجہ کس لیا۔ پانی ضائع کرنے والے جرمانے اور مقدمات بھگتنے کی تیاری کر لیں۔ ڈینگی مچھر کے تدارک اور پبلک ہیلتھ نے پانی کا ضیاع روکنے کے لیے سخت اقدامات کا فیصلہ کرتے ہوئے واٹر لائنوں کی چیکنگ شروع کر دی۔تمام متعلقہ محکموں کی جانب سے عوام الناس کو سختی سے ہدایت کی گئی ہے کہ وہ پانی کا ضیاع روکنے کے لیے گولا وال لگوائیں اور ٹوٹے پھوٹے پائپ تبدیل کر دیں۔ ناقص پانی کے کنکشن اور گولا وال نہ لگانے والے صارفین کے خلاف قانون کے مطابق سخت کاروائی کے علاوہ کنکشن بھی منقطع کیے جائیں گے۔ ساتھ ہی ساتھ ضلعی انتظامیہ اور دیگر متعلقہ اداروں کے زمہ داران نے عوام الناس کو کہا ہے کہ اگر ان کے گھروں کے آس پاس قرب و جوار میں بھی کہیں پانی کھڑا ہے تو اس کی فوری اطلاع محکمہ سی ڈی سی صحت عامہ کو دیں تاکہ موذی وائرس ڈینگی کے خلاف سپرے اور فوگ سپرے کیا جا سکے۔ انہوں نے ایسے تمام آٹوز ورکشاپس، پنکچر لگانے والوں اور دیگر الیکٹرانکس کا سامان جس میں واشنگ مشین و دیگر کی مرمتی کرنے والوں کو بھی کہا ہے کہ وہ اپنی دکانوں کے باہر رکھے فالتو ٹائرز یا واشنگ مشینز میں کسی صورت پانی جمع نہ ہونے دیں بصورت دیگر ان کے خلاف بھی قانونی کاروائی کی جائے گی۔ انہوں نے عوام الناس سمیت تمام مکاتب فکر سے درخواست کی ہے کہ وہ ڈینگی جیسے موذی مرض کے خاتمے اور پانی کے ضیاع کو روکنے کے لیے تعاون کریں۔




