قوم اپنے بہادر سپوتوں کی قربانیوں کی بدولت آج محفوظ ہے،وزیر اعلیٰ
پوری قوم دشمن کے مذموم عزائم کو ناکام بنانے کیلئے سیکیورٹی فورسز کے ساتھ متحد ہے،وزیر اعلیٰ

گلگت(محاسب نیوز)وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان نے ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے درابن میں سیکیورٹی فورسز کی بروقت اور کامیاب کارروائی کے دوران 7 بھارتی اسپانسرڈ خوارج کے ہلاک کیے جانے پر سیکیورٹی اداروں کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ قوم اپنے بہادر سپوتوں کی قربانیوں کی بدولت آج محفوظ ہے۔ دہشت گردی کے خلاف سیکیورٹی فورسز کی لازوال قربانیاں وطنِ عزیز کے تحفظ اور استحکام کی ضمانت ہیں۔انہوں نے آپریشن کے دوران جام شہادت نوش کرنے والے میجر سبطین حیدر شہید کی شجاعت اور جرات کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہداء قوم کا فخر اور سرمایہ افتخار ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے شہید کے اہل خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومتِ گلگت بلتستان پوری قوم کے ساتھ مل کر شہداء کے خاندانوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔وزیر اعلیٰ نے مزید کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ اپنے حتمی مرحلے میں ہے اور پوری قوم دشمن کے مذموم عزائم کو ناکام بنانے کے لیے سیکیورٹی فورسز کے ساتھ متحد ہے۔