مظفرآباد

جہلم ویلی‘ مویشیوں پر حملوں کے بعد جنگلی درندے بے قابو شہریوں پر حملے

ہٹیاں بالا (بیورورپورٹ)آزاد کشمیر کے ضلع جہلم ویلی میں مویشیوں پر حملوں کے بعد جنگلی جانوروں نے بے قابو ہو کر انسانوں پر حملے شروع کردیے،وادی لیپہ کے علاقہ منڈا کلی اور کلی منڈل لنک روڈ پر ایک زہنی معذور شخص جنگلی جانور کے حملہ سے شدید زخمی،پاک فوج،ریسکیو1122نے فوری زخمی شخص کو ہسپتال منتقل کر دیا۔تفصیلات کے مطابق منگل اور بدھ کی درمیانی رات زہنی معذور شخص ظہیر میر ولد نذیر میر ساکن کھیواڑہ گھر سے اچانک باہر نکل گیا جسے منڈا کلی،کلی منڈل روڈ پر جنگلی جانور نے حملہ کر کے شدید زخمی کردیا،اطلاع ملنے پر پاک فوج،ریسکیو ٹیموں کے بروقت رسپانس دیتے ہوئے زخمی شخص کو مقامی ہسپتال منتقل کیا،ابتدائی طبعی امداد کے بعد شدید زخمی شخص کو زندگی اور موت کی کشمکش میں سی ایم ایچ مظفرآباد ریفر کردیا گیا ہے،جنگلی جانور کے حملہ میں مقامی شخص کے شدید زخمی ہونے کے باعث وادی لیپہ میں شدید خوف وہراس پھیل گیا ہے،لوگ گھروں کے اندر بند ہو کر رہ گئے ہیں،رواں سال جنگلی جانوروں کا انسانی جان پر یہ دوسرا حملہ تھا،اس سے قبل یونین کونسل پاہل کے علاقہ میں چیتے کے حملہ میں ایک آٹھ سالہ بچی جاں بحق ہوئی تھی،جہلم ویلی بھر میں آئے روز جنگلی جانور انسانی جان و مال کو نقصان پہنچا رہے ہیں لیکن آج تک محکمہ وائلڈ لائف نے انسانی جان و مال کو محفوظ بنانے کے لیے کوئی اقدامات نہیں اٹھائے جس کے باعث عوام میں سخت غم و غصہ اور تشویش پائی جاتی ہے،عوامی حلقوں نے وزیر اعظم،وزیر وائلڈ لائف اور چیف سیکرٹری آزاد کشمیر سے فوری نوٹس لینے،ضلع بھر میں جنگلی جانوروں سے عوام کے جان و مال کو محفوظ بنانے کے اقدامات کے احکامات جاری کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

Related Articles

Back to top button