نوجوانوں کیلئے 1ارب بلاسود قرض، فائل مالیات میں زیرکار

مظفرآباد(محاسب نیوز)آزادجموں و کشمیر حکومت کی جانب سے بے روزگار نوجوانوں کو بلاسود قرضوں کے اجراء کیلئے ایک ارب روپے کے اعلان کردہ فنڈز کی فائل محکمہ مالیات میں زیر کار، تعلیم یافتہ بے روزگار نوجوانوں کو 20لاکھ روپے تک بلاسود قرضے پانچ سالہ مدت کیلئے دینے کا اعلان بجٹ میں کیا گیا تھا، حکومتی اعلان کے مطابق محکمہ سمال انڈسٹریز کے ذریعے قرضوں کے اجراء کیلئے پالیسی طے کی گئی ہے، کم از کم 2لاکھ اور زیادہ سے زیادہ 20لاکھ روپے مالیت کے قرضے پانچ سالہ مدت کیلئے آسان شرائط پر فراہم کیے جائیں گے، حکومتی پالیسی کے تحت مختص فنڈز جاری کرنے کیلئے سمری محکمہ مالیات میں زیر کار ہے جس پر ایک دو روز میں منظوری کا امکان ہے، نوٹیفکیشن جاری ہونے کے بعد قرضوں کے اجراء کیلئے درخواستیں وصول کی جائیں گی جس کیلئے باضابطہ اشتہار جاری کیے جائیں گے۔قرضے میرٹ کی بنیاد پر شفاف انداز میں جاری کرنے کا عمل یقینی بنایا جا رہا ہے، 20لاکھ روپے مالیت کا قرضہ زمین گروی رکھ کر حاصل کیا جا سکے گا جب کہ 2لاکھ روپے کا قرضہ شخصی ضمانت پر ملے گا، 2 سے پانچ لاکھ روپے مالیت کے قرضے ایک گزٹ آفیسر کی ضمانت پر ملیں گے، وزارت خزانہ کے ذرائع نے بتایا ہے کہ فنڈز کے اجراء کا معاملہ آخری مراحل میں ہے، تعلیم یافتہ نوجوانوں کو جلد خوشخبری ملے گی۔