فوڈ اتھارٹی مظفرآباد کا کریک ڈاؤن کھلے مصالحے ضبط، گودام سیل

مظفرآباد (محاسب نیوز) دارالحکومت مظفرآباد اور اس کے مضافاتی علاقوں میں آزاد جموں و کشمیر فوڈ اتھارٹی کی جانب سے غیر معیاری اور کھلے مصالحہ جات فروخت کرنے والوں کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کیا گیا۔اسٹنٹ فوڈ سیفٹیآفیسر قاضی شفیق الرحمن نے ہمراہ ٹیم فوڈ اتھارٹی اچانک بازاروں کا معائنہ کیا جہاں متعدد دکانوں پر کھلے مصالحے بشمول گرم مصالحہ، ہلدی، لال مرچ، چکن پلاؤ مصالحہ، بریانی مصالحہ اور دیگر مسالہ جات بغیر لیبل اور غیر تصدیق شدہ حالت میں فروخت کیے جا رہے تھے۔کارروائی کے دوران کھلے مصالحہ جات موقع پر ہی ضبط کر لیے گئے جبکہ بدوں لیبارٹری رپورٹ ایک بڑے مصالحہ جات کے گودام کو سیل کر دیا گیا۔ فوڈ اتھارٹی کے مطابق کھلے مصالحہ جات فوڈ اتھارٹی ایکٹ 2017 اور پیور فوڈ ریگولیشن 2019 کی کھلی خلاف ورزی ہیں اور صحتِ عامہ کے لیے سنگین خطرہ بھی ہیں۔ترجمان فوڈ اتھارٹی نے کہا کہ غیر معیاری مصالحہ جات کے خلاف کارروائیاں بلا امتیاز جاری رہیں گی۔ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ پیک شدہ اور لیبل شدہ برانڈڈ مصالحے خریدیں اور کسی بھی مشتبہ دکاندار یا گودام کی اطلاع فوڈ اتھارٹی کو دیں۔ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر مظفرآباد، ابرار احمد میر نے کہا کہ عوام کی صحت کے تحفظ کے لیے کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔