بلتستان یونیورسٹی میں“وال آف ٹورازم”کا افتتاح
سیاحت و مہمان نوازی کے لیکچررز ماریہ اکبر اور جنید احمد کی زیرِ نگرانی، شعبے کے طلبہ نے اکیڈمک بلاک نمبر 1 میں“دیوارِ سیاحت”قائم کر لی

سکردو (پ۔ر) شعبہ سیاحت و مہمان نوازی کے لیکچررز ماریہ اکبر اور جنید احمد کی زیرِ نگرانی، شعبے کے طلبہ نے اکیڈمک بلاک نمبر 1 میں“دیوارِ سیاحت”قائم کر لی۔اس دیوار میں گلگت بلتستان کے دلکش اور منفرد سیاحتی مقامات کی خوبصورت تصاویر آویزاں کی گئی ہیں۔ منصوبے کا مقصد گلگت بلتستان کے سیاحتی مقامات، مقامی مصنوعات اور رنگا رنگ ثقافتی ورثے کو اجاگر کرنا ہے۔“دیوارِ سیاحت”کا بنیادی ہدف ثقافتی شعور کو فروغ دینا، طلبہ میں مقامی ورثے پر فخر کے احساس کو تقویت دینا اور یونیورسٹی کے ماحول کو مزید دیدہ زیب اور متاثر کن بنانا ہے۔دیوار سیاحت نہ صرف علاقائی شناخت کی علامت بنے گی بلکہ گلگت بلتستان میں سیاحت اور تعلیم کے فروغ کے لیے ایک مؤثر ذریعہ بھی ثابت ہوگی۔افتتاحی تقریب کے موقع پر وائس چانسلر یونیورسٹی آف بلتستان، پروفیسر ڈاکٹر عبدالمتین، اور وائس چانسلر قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی، پروفیسر ڈاکٹر عطااللہ شاہ نے مشترکہ طور پر“وال آف ٹورازم”کا افتتاح کیا۔دونوں معزز مہمانوں نے اس اقدام کو قابلِ تحسین قرار دیتے ہوئے“دیوارِ سیاحت”کو مزید فعال اور معلوماتی بنانے کی ہدایت کی۔