چیف سیکرٹری کا روندو ستک نالہ کا دورہ،حالیہ سیلاب سے ہونے والے نقصانات کا معائنہ
ستک پل سمیت پورے ستک ویلی میں متاثرہ تمام پلوں کی مستقل بنیادوں پر بحالی کے کام کو جلد از جلد مکمل کیا جائے۔چیف سیکریٹری GB

روندو(محاسب نیوز)چیف سیکرٹری گلگت بلتستان ابرار احمد مرزا نے آج روندو ستک نالہ کا دورہ کیا اور حالیہ سیلاب سے ہونے والے نقصانات کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر کمشنر بلتستان ڈویژن کمال خان اور جنرل منیجر نارتھ نیشنل ہائی وے اتھارٹی نے ستک پل اور نالے کو حالیہ طغیانی اور سیلابی ریلے سے ہونے والے نقصانات اور ہنگامی بنیادوں پر بحالی کے کاموں پر کئے جانے والے اقدامات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔چیف سیکرٹری نے متعلقہ حکام کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ ستک پل سمیت پورے ستک ویلی میں متاثرہ تمام پلوں کی مستقل بنیادوں پر بحالی کے کام کو جلد از جلد مکمل کیا جائے۔ اور جہاں جہاں ایمرجنسی نافذ کی ہوئی ہے وہاں فوری طور پر بحالی کے اقدامات شروع کیے جائیں۔بعد ازاں چیف سیکرٹری نے باغیچہ روندو کے مقام پر شاہراہِ بلتستان پر موجود سیلاب سے متاثرہ پل کا معائنہ کیا۔ کمشنر بلتستان ڈویژن نے باغیچہ پل، باغیچہ نالے سے سڑک کی عارضی بحالی اور پل کو مستقل بنیاد پر بحالی کے لئے این ایچ اے کے مجوزہ پلان سے متعلق بریفنگ دی۔ جس پر چیف سیکرٹری نے ہدایات دی کہ آئندہ پل کی تعمیر کے دوران تمام حفاظتی اقدامات کو یقینی بنایا جائے تاکہ قدرتی آفات کے نقصانات سے بچایا جا سکے۔علاوہ ازیں چیف سیکرٹری نے حوطو سکردو میں دریائی کٹاؤ کا جائزہ لیا۔ ڈپٹی کمشنر سکردو نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ حوطو، کتپناہ، سندوس، کواردو اور قمراہ میں دریائی کٹاؤ کی وجہ سے عوام شدید مشکلات اور مالی نقصان سے دوچار ہیں۔ جس پر چیف سیکرٹری نے ہدایات دی کہ دریائے سندھ کے دونوں اطراف متاثرہ علاقوں کا مشترکہ پروپوزل تیار کر کے فیڈرل فلڈ کمیشن کو ارسال کیا جائے تاکہ بڑے منصوبے کے ذریعے دریائی کٹاؤ کے تدارک کا مستقل حل نکالا جا سکے۔مزید برآں چیف سیکرٹری نے ڑگیول اور برگے نالوں کا بھی دورہ کیا اور سیلاب سے عوامی املاک و زرعی زمینوں کو پہنچنے والے نقصانات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے ہدایات دی کہ متاثرہ گھروں کے نقصانات کے معاوضے کی ادائیگی کو جلد از جلد مکمل کیا جائے، پینے کے پانی اور آبپاشی کے کوہلوں کو بحال کیا جائے اور آبی گذرگاہوں کو واگزار کر کے عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔