KIU فیکلٹی کا ڈرون ٹیکنالوجی کے ذریعے ریموٹ سینسنگ پر ورکشاپ میں شرکت
ڈرون ٹیکنالوجی کے ذریعے ریموٹ سینسنگ اور جیوسپیئل آرتھ آبزرویشن کے موضوع پر منعقد ورکشاپ میں پاکستان بھر سے ماہرین، محققین نے شرکت کی

اسلام آباد(پ ر) قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی کے فیکلٹی ممبران نے چین پاکستان جوائنٹ ریسرچ سینٹر (CPJRC)اور نیشنل یونیورسٹی آف سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی (NUST) کے اشتراک سے منعقد ہ تکنیکی ورکشاپ میں شرکت کی۔شعبہ تعلقات عامہ کے آئی یو کے مطابق ڈرون ٹیکنالوجی کے ذریعے ریموٹ سینسنگ اور جیوسپیئل آرتھ آبزرویشن کے موضوع پر منعقد ورکشاپ میں پاکستان بھر سے ماہرین، محققین نے شرکت کی۔ تربیتی ورکشاپ میں شرکاء کو ڈرون بیسڈ ڈیٹا ایکوزیشن کی ابھرتی ہوئی تکنیکوں، ایڈوانسڈ پروسیسنگ ورک فلو اور ماحولیاتی مانیٹرنگ، قدرتی خطرات کی تشخیص، پریسیژن میپنگ اور موسمیاتی تحقیق کے لیے جدید ترین جیوسپیئل ایپلی کیشنز پر عملی تربیت فراہم کی گئی۔جامعہ قراقرم کی نمائندگی کرتے ہوئے ڈاکٹر آفتاب احمدخان، سید نجم الحسن اور ڈاکٹر گری خان نے پاکستان اور چین کے معروف سائنسدانوں اور انجینئرز کے ساتھ ملاقات کی اور گلگت بلتستان جیسے پہاڑی علاقوں میں جیوسپیئل صلاحیتوں کو بہتر بنانے کے لیے مشترکہ تحقیق، ڈیٹا شیئرنگ اور ٹیکنالوجیکل اختراعات کے مواقع پر تفصیلی گفتگو کی۔ورکشاپ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے شرکاء نے زور دیا کہ ڈرون سے ممکن بنائی جانے والی ریموٹ سینسنگ کا علاقے میں گلیشئر اور واٹر شیڈ مانیٹرنگ، زمین کے استعمال کی منصوبہ بندی اور موسمیاتی لچک (climate resilience) کے اقدامات کے لیے ثبوت پر مبنی فیصلہ سازی میں انتہائی اہم کردار ہے۔ یہ تربیت قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی کے جیوسپیئل سائنس، ریموٹ سینسنگ اور ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز میں تدریسی و تحقیقی صلاحیت بڑھانے کے جاری اقدامات سے بھی ہم آہنگ ہے۔قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی کے ذمہ داران نے ورکشاپ کے انعقاد پر CPJRC اور NUST کا شکریہ ادا کیا اور شاندار پلیٹ فارم مہیا کرنے پر ان کی تعریف کی جو علم کے تبادلے، ہنر کی ترقی اور بین الاقوامی سائنسی تعاون کے لیے فراہم کیا گیا۔




