میئربلدیہ سکندر نثار گیلانی کی محنت رنگ لے آئی‘ مظفرآباد میں جدید سلاٹر ہاؤس بنانے کی منظوری

مظفرآباد (سردار ابوبکر صدیق سے)میئر میونسپل کارپوریشن مظفرآباد سکندر نثار گیلانی کی کاوشوں اور وزیراعظم راجہ فیصل ممتاز راٹھور کے ویژن کے مطابق دارالحکومت مظفرآباد میں جدید سلاٹر ہاؤس بنانے کی منظوری دے دی گئی ہے۔ اور سالانہ ترقیاتی پروگرام میں سلاٹر ہاؤس کی تعمیر کو شامل کرلیا گیا ہے۔ یہ سلاٹر ہاؤس امبور کے مقام پر بنایا جائیگا۔ دارالحکومت مظفرآباد میں سلاٹر ہاؤس نہ ہونے کی وجہ سے نہ صرف قصابوں کو مشکلات کا سامنا تھا بلکہ دارالحکومت کے شہریوں کو فراہم ہونے والے گوشت کی کوالٹی کو بھی چیک نہیں کیا جاسکتا تھا جانور لاغر ہو بیمار ہو یا صحت مند ہو اس کا کوئی پیمانہ ابھی تک موجود نہیں ہے کیونکہ تمام قصاب حضرات شہر میں کئی درجن مقامات پر اپنے اپنے طور پر بغیر کسی ڈاکٹر کی تصدیق کے جانور ذبح کرتے ہیں اور اس کے بعد اپنے طور پر ہی گوشت کو مارکیٹ میں لاتے ہیں۔سلاٹر ہاؤئس تعمیر کرنے کی نوید کئی حکومتیں سناتی رہی اور داد بھی حاصل کرتی رہی لیکن سلاٹر ہاؤس تعمیر نہ ہوسکا۔ اب میئر میونسپل کارپوریشن مظفرآباد سکندر نثار گیلانی نے سلاٹر ہاؤس کی تعمیر کیلئے گزشتہ عرصہ سے اپنی انتھک محنت اور کاوشوں کا آغاز کیا تھا جو اب حقیقت کا روپ دھا ر رہا ہے۔ وزیراعظم راجہ فیصل ممتاز راٹھور کا ویژن ہے کہ دارالحکومت کے شہریوں کو حفظان صحت کے اصولوں کے مطابق گوشت مہیا کیا جائے۔ وزیراعظم کے ویژن پر اور میئر مظفرآباد کی تحریک پر وزیر لوکل گورنمنٹ عامر ےٰسین نے بھی پوری دلچسپی اور تیزی کے ساتھ سلاٹر ہاؤس کی تعمیر کا بیڑہ اُٹھا لیا ہے اور دارالحکومت میں امبور کے مقام پر سلاٹرہاؤس کی تعمیر کیلئے پرعزم ہیں یہی وجہ ہے کہ گزشتہ روز اس منصوبہ کو اے ڈی پی میں شامل کرلیا گیا۔ سلاٹر ہاؤس کی تعمیر کا منصوبہ 2008میں شروع کیا گیا تھا لیکن منصوبہ نہ بن سکا اور اب شہر کے جواں سال میئر سکندر نثارگیلانی سلاٹر ہاؤس کی تعمیر کو لیکر آگے بڑھ رہے ہیں۔ محاسب سے گفتگو کرتے ہوئے میئر میونسپل کارپوریشن نے کہا کہ وزیراعظم آزادکشمیر راجہ فیصل ممتاز راٹھور کا ہم شکریہ اد ا کرتے ہیں کہ انہوں نے ہماری تحریک پر سلاٹر ہاؤس مظفرآباد کو اے ڈی پی میں شامل کرنے کیلئے حکم دیا۔ میئر میونسپل کارپوریشن نے مزید کہا کہ وزیر لوکل گورنمنٹ چوہدری عامر ےٰسین سلاٹر ہاؤس مظفرآباد کی تعمیر میں خصوصی دلچسپی رکھتے ہیں ان کی وزارت کو سنبھالے ہفتہ بھی پورا نہیں ہوا کہ مظفرآباد کے شہریوں کو ہماری تحریک پر ایک بڑا تحفہ سلاٹر ہاؤس دیا جارہا ہے۔ میئر کارپوریشن نے سلاٹر ہاؤس کی تعمیر کو سالانہ ترقیاتی پروگرام میں شامل کرنے پر وزیراعظم اور وزیر لوکل گورنمنٹ کا دلی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ سلاٹر ہاؤس کی تعمیر سے شہریوں کا ایک بڑا مسئلہ حل ہوجائے گا۔



