بھٹوکا خواب‘ جمہوری طرزِ حکمرانی ناگزیر‘ فیصل ممتاز

لاڑکانہ (پی آئی ڈی)آزاد جموں و کشمیر کے وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور نے اپنے دورہئسندھ کے دوران گڑھی خدا بخش پہنچ کر قائدِ عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو، شہیدِ جمہوریت محترمہ بے نظیر بھٹو اور مادرِ جمہوریت محترمہ نصرت بھٹو کے مزارات پر فاتحہ خوانی کی۔ وزیراعظم نے پھول چڑھائے اور ملک و ملتکے لیے اُن کی بے مثال سیاسی جدوجہد کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔اس موقع پر پیپلز پارٹی کے سینئر رہنماء چوہدری محمد ریاض،موسٹ سینیر وزیر میاں عبد الوحید،وزراء حکومت سردار جاوید ایوب،ملک ظفر اقبال اور جاوید اقبال بڈھانوی بھی ان کے ہمراہ تھے۔اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور نے کہا کہ بھٹو خاندان کی قربانیاں پاکستان کی سیاسی تاریخ کا روشن باب ہیں۔انہوں نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو نے پاکستان کو متفقہ آئین دیا، ایٹمی پروگرام کی بنیاد رکھی اور کمزور طبقات کو آواز دی، جبکہ محترمہ بے نظیر بھٹو نے جمہوریت کی بحالی کے لیے اپنی جان تک قربان کر دی۔وزیراعظم نے مزید کہا کہ مادرِ جمہوریت نصرت بھٹو کی جدوجہد اور استقامت ہر سیاسی کارکن کے لیے مشعلِ راہ ہے۔ان کا کہنا تھا کہ بھٹو خاندان کا پاکستان اور کشمیر کے عوام کے ساتھ ہمیشہ محبت اور اصولی وابستگی کا رشتہ رہا ہے۔فیصل ممتاز راٹھور نے گفتگو میں اس عزم کا اظہار کیا کہ آزاد جموں و کشمیر کی حکومت جمہوری روایات، عوامی خدمت اور سیاسی استحکام کے اس سفر کو آگے بڑھاتی رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ بھٹو خاندان نے جس پاکستان کا خواب دیکھا تھا، اسے پورا کرنے کے لیے قومی اتفاقِ رائے اور جمہوری طرزِ حکمرانی ناگزیر ہے۔وزیراعظم نے گڑھی خدا بخش کے دورے کو ایک تاریخی اور جذباتی لمحہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ شہداءِ جمہوریت کی قبروں پر حاضری سے اُن کے اندر عوامی خدمت کے جذبے کو مزید تقویت ملی ہے۔



