آزادجموں وکشمیر بینک کی کارکردگی کا جائزہ اجلاس، اہم فیصلے

اسلام آباد (صباح نیوز)وزیر خزانہ، ان لینڈ ریونیو اور چیئرمین آزاد جموں و کشمیر بینک چوہدری قاسم مجید کی زیر صدارت بینک آف آزاد جموں و کشمیر کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کا 98واں اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں صدر و سی ای او، شاہد شہزاد میر، سیکرٹری خزانہ اسلام زیب، سیکرٹری صنعت و تجارت چوہدری عبد الرحمن، مبشر نبی، ڈاکٹر عدنان اللہ خان جبکہ بشریٰ ناز ملک نے بذریعہ آن لائن شرکت کی۔ اے جے کے بینک کی مینجمنٹ نے نئے چیئرمین کو بینک کی مجموعی کارکردگی، مالیاتی اشاریوں، اسٹریٹجک اقدامات، اور شیڈیول بینک کا درجہ حاصل کرنے کی پیش رفت پر تفصیلی بریفنگ دی۔ اس کے علاوہ ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن، سروس کی توسیع اور آپریشنل بہتری پر بھی اپ ڈیٹس فراہم کی گئیں۔ چیئرمین چوہدری قاسم مجید نے بینک کی سمت پر اعتماد کا اظہار کیا اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ بینک کو نئی بلندیوں تک پہنچایا جائے گا۔ انہوں نے مینجمنٹ کو ہدایت کی کہ شیڈیول بینک کی منظوری کے عمل کو تیز کیا جائے، آپریشنل کارکردگی کو بہتر بنایا جائے اور بینکاری نظام میں جدیدیت لائی جائے۔بورڈ اراکین نے پائیدار ترقی، جدت اور سروس کے اعلیٰ معیار کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ BAJK ایک بااعتماد، ترقی پسند اور صارف دوست مالیاتی ادارہ رہے گا۔




