ترک خیراتی ادارے کے وفد کا دورہ‘خبیب کالج کی تعلیمی سرگرمیوں کا جائزہ لیا

مظفرآباد (محاسب نیوز/پی آئی ڈی)حسین اورُچ (Huseyin Oruc)، نائب صدر IHH کی قیادت میں 15 رکنی ترک وفد نے خُبیب کالج راڑہ مظفرآباد کا دورہ کیاجن میں برہان سائیگان ڈپٹی چیئرمین آئی ایچ ایچ، یاؤزسلیم گندوز کوآرڈینیٹر آئی ایچ ایچ،حیری چیلیک، سباحتین شیکرچی، انور اوزکُرت، اونر پیادے، فاطمہ زہرا پیادے، محمت کاراساکیز، حاتچہ کاراساکیز، محمد یاسین دوراک، بیضا پیادے، فاتح جان، عائشہ پیادے شامل تھے۔اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل خُبیب فاؤنڈیشن بریگیڈیئر افتخار علی خان بھی وفد کے ہمراہ تھے۔ کالج آمد پر پرنسپل خُبیب کالج کرنل زاہد محمود خان، وائس پرنسپل پزیر اقبال، فیکلٹی ممبران اور طلبہ و طالبات نے وفد کا پرتپاک استقبال کیا۔ پرنسپل خُبیب کالج نے وفد کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ خُبیب کالج کا قیام 2008 میں IHH کے تعاون سے عمل میں لایا گیا اور اس وقت کالج میں پری اسکول سے ایف ایس سی تک 415 طلبہ و طالبات زیرِ تعلیم ہیں، جبکہ IHH کے تعاون سے تمام یتیم بچوں کو مفت تعلیم اور بورڈنگ کی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ کالج میں 24 اعلیٰ تعلیم یافتہ فیکلٹی ممبران تدریسی خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ کالج میں 14 کلاس رومز، چار جدید سائنس کی لیبارٹریز قائم ہیں، جبکہ چھ سے بارہ ماہ پر مشتمل ٹیکنیکل ایجوکیشن کے مختلف ڈپلومہ کورسز بھی کروائے جا رہے ہیں۔ طلبہ کی جسمانی و ہم نصابی سرگرمیوں کے لیے تمام کھیلوں کے علیحدہ اسپورٹس گراؤنڈز موجود ہیں، جبکہ طلبہ اور اساتذہ کے لیے سبسڈی شدہ نرخوں پر ٹرانسپورٹ کی سہولت بھی فراہم کی جا رہی ہے۔خُبیب کالج میں دینی تعلیم کے فروغ کے لیے حفظِ قرآن پروگرام کا بھی اجرا کیا گیا ہے، جس کے تحت اس وقت 24 طلبہ حفظِ قرآن کر رہے ہیں۔ یہ کورس وفاق المدارس سے تصدیق شدہ ہے۔ اس کے علاوہ IHH کے تعاون سے کالج میں افطار پروگرام اور قربانی پروگرام بھی باقاعدگی سے منعقد کیے جا رہے ہیں۔ دورے کے دوران ترک وفد نے خُبیب فاؤنڈیشن کے تعلیمی اور فلاحی منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا اور باہمی تعاون کے فروغ، سماجی بہبود اور فلاحی سرگرمیوں کے تسلسل سے متعلق امور پر تبادلہ? خیال کیا۔




