پاک فوج کا پسماندہ علاقے چھم میں فری ویٹرنری کیمپ کا انعقاد

چناری(تحصیل رپورٹر)جہلم ویلی کے دور دراز،پسماندہ علاقے چھم میں پاک فوج کی جانب سے ایک روزہ فری ویٹرنری کیمپ کا انعقاد،سیکڑوں جانوروں کا مفت طبعی معائینہ اور ادویات کی فراہمی،مقامی لوگوں کا خدمت خلق پر پاک فوج کو سلام اور زبردست الفاظ میں خراج تحسین۔تفصیلات کے مطابق گذشتہ روز پاک فوج نے مقامی لوگوں کے مال مویشیوں کو مفت طبی سہولیات فراہم کرنے کے لیے چھم کے مقام پر فری کیمپ کا انعقاد کیا،جسمیں بڑی تعداد میں مقامی افراد نے شرکت کرتے ہوئے اپنے جانوروں کا مفت معائنہ کروایا،کیمپ میں پاک فوج کے ماہر ویٹرنری ڈاکٹروں نے مویشیوں کی مختلف بیماریوں کی تشخیص،مفت ادویات فراہم کرتے ہوئے جانوروں کی بہتر دیکھ بھال کے حوالے سے مفید مشورے دیے،پاک فوج کے اس اقدام سے علاقے کے غریب اور محنت کش طبقے کو بڑی سہولت میسر آئی،اس موقعہ پر اسسٹنٹ کمشنر ہٹیاں بالا کامران خان نے فری ویٹرنری کیمپ کا دورہ کرتے ہوئے انتظامات کا جائزہ لیتے ہوئے پاک فوج کی اس عوامی خدمت کو سراہتے ہوئے کہا کہ دور افتادہ علاقوں میں اس طرح کے فلاحی کیمپ عوام کے لیے انتہائی مفید ثابت ہونے کے علاوہ سول انتظامیہ اور پاک فوج کے درمیان تعاون مزید مضبوط ہوتا ہے،مقامی لوگوں کا کہنا تھا کہ پاک فوج نہ صرف سرحدوں کی حفاظت کا فریضہ انجام دیتی ہے بلکہ انسانیت کی خدمت کے میدان میں بھی بھرپور کردار ادا کرتی ہے،ایسے فری کیمپس کے انعقاد سے غریب عوام کو بہت بڑا ریلیف ملتا ہے، کیونکہ اس علاقے میں ویٹرنری سہولیات بہت محدود ہیں،علاقہ مکینوں نے پاک فوج کے اس اقدام پر زبردست الفاظ میں خراج تحسین،مبارکباد پیش اور شکریہ ادا کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ مستقبل میں بھی اس نوعیت کے کیمپوں کا انعقاد جاری رکھا جائے تاکہ لوگوں کو مزید سہولیات ان کی دہلیز پر مل پائیں۔




