جنگل اراضی کے تحفظ اور سیاحتی مقامات کی بحالی کے لئے فوری اقدامات کافیصلہ

مظفرآباد (محاسب نیوز) سیکرٹری جنگلات آزاد کشمیر چوہدری فرید احمد نے کہا ہے کہ ریاست میں جنگلات کی زمین کو ہر صورت محفوظ بنایا جائے گا اور سیاحتی مقامات کو ان کی اصل اور قدرتی حالت میں برقرار رکھنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گیجنگلات کی زمین پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور اسے ہر صورت محفوظ بنایا جائے گا۔ آزاد کشمیر کے سیاحتی مقامات کی انفرادیت ان کا قدرتی ماحول ہے۔ سیاحوں کے لیے ان مقامات کو اصل حالت میں برقرار رکھنا محکمہ کی ذمہ داری ہے۔انتظامی امور کی بہتری کے لئے تمام افسران تندہی سے کام کریں تاکہ ماحولیاتی تحفظ کے اہداف حاصل کیے جا سکیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں محکمہ جنگلات کے ایک اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں ناظم اعلیٰ جنگلات پرنسپل ڈاکٹر سردار افتخار احمد نے سیکرٹری جنگلات کو محکمہ کے امور اور جاری منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی۔ اجلاس میں ناظم اعلیٰ جنگلات (علاقائی) ملک اسد محمود، پراجیکٹ ڈائریکٹر ڈاکٹر ذاکر حسین، ناظمینِ جنگلات میر نصیر، سید مظہر نقوی، ارتضیٰ قریشی، چیف پلاننگ آفیسر سید عتیق الرحمان شیرازی، پراجیکٹ ڈائریکٹر کشمیر فاریسٹ سکول سید مفسر گیلانی سمیت ریاست بھر سے مہتممانِ جنگلات نے شرکت کی۔سیکرٹری جنگلات نے اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے ہدایت کی کہ جنگلاتی رقبے پر تجاوزات کا خاتمہ اور زمین کی حفاظت محکمہ کی اولین ترجیح ہونی چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آزاد کشمیر کے سیاحتی مقامات کا حسن ان کے گھنے جنگلات اور فطری ماحول میں پوشیدہ ہے، اسے سیاحوں کے لیے محفوظ بنانے کے لیے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے۔اجلاس کے اختتام پر سیکرٹری جنگلات نے افسران کی کارکردگی کو سراہا اور مستقبل کے اہداف کو بروقت مکمل کرنے کی ہدایت جاری کی۔



