
ایبٹ آباد (محاسب نیوز)صوبائی حکومت کی ہدایات کے مطابق عوامی ایجنڈا کے تحت ضلع ایبٹ آباد میں تجاوزات کے باعث شہریوں کو ٹریفک اور فلیش فلڈز جیسے مسائل کے مستقل حل کے لئے اقدامات یقینی بنائے جا رہے ہیں۔ اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد سرمد سلیم اکرم کی زیر صدارت اجلاس کانفرنس روم ڈپٹی کمشنر آفس منعقد ہوا جس میں تمام متعلقہ محکمہ جات کے افسران نے شرکت کی۔ ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد نے ایبٹ آباد شہر، تمام تحصیلوں، کینٹ ایریا اور گلیات کو تجاوزات سے پاک کرنے کیلئے ٹھوس اقدامات پر زور دیا۔ انہوں نے شہر میں آبی گزرگاہوں کی واگزاری، نالوں پرپختہ تجاوزات کے خاتمے کے لیے کینٹ بورڈ، جی ڈی اے، ٹی ایم اے کو نوٹسز جاری کرنے اور اقدامات کی ہدایات جاری کیں۔ ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد نے تمام محکمہ جات کو ہدایات جاری کیں کہ تین روز کے اندر تجاوزات کے حوالے سے تفصیلی رپورٹ پیش کی جائے تا کہ ریونیو ڈیپارٹمنٹ ریکارڈ کا معائنہ اور جی آئی ایس میپنگ کے بعد اصل تجاوزات کا تعین کر سکے اور حتمی رپورٹ پر تجازات کے خلاف کاروائی کا آغازکیا جائے۔ انہوں نے ایس این جی پی ایل کو ریونیو ڈیپارٹمنٹ کے ساتھ مل کر اپنی زمین کا تعین کرنے کی ہدایت کی تا کہ آبی گذرگاہوں پر تجاوزات کے خلاف کاروائی کی جا سکے۔ اسکے علاو¿ہ ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد نے ٹی ایم اے، ایریگیشن، کینٹ بورڈ، جی ڈی اے اور واسا کو نالوں کی صفائی کی بھی ہدایت کی تاکہ بارش کے دوران سیلابی صورتحال پیدا نہ ہو۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل، چیئرمین ڈی آر سی ایبٹ آباد، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریلیف، اسسٹنٹ کمشنر ایبٹ آباد، ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنرز، ٹی ایم او اوز، سی ای او واسا، ایکسین سی اینڈ ڈبلیو، ایکسین ایریگیشن، ڈی ڈی این ایچ اے، نمائندہ ایس این جی پی ایل، لوکل گورنمنٹ، نمائندہ جی ڈی اے، پی ایم ایس انڈر ٹریننگ آفیسرزاور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔