ریشیاں میں ناقص موبائل و انٹر نیٹ سروس کیخلافکٹھہ ویلفیئر کونسل کا احتجاج

جہلم ویلی (نامہ نگار)کٹھہ ویلفیئر کونسل کی کال پر آزاد کشمیر کے دلکش سیاحتی مقام داوکھن ریشیاں میں ناقص انٹرنیٹ اور موبائل سروس کے خلاف شہری سراپا احتجاج بن گئے۔ مظاہرین نے شدید نعرے بازی کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہریشیاں اور کٹھہ کے عوام کو موبائل سروس اور انٹرنیٹ کی بہتر سہولیات فوری فراہم کی جائیں۔احتجاجی مظاہرہ کٹھہ ویلفیئر کونسل ریشیاں کے زیرِ اہتمام کیا گیا جس میں مقامی شہریوں، نوجوانوں اور بزرگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ رہنماؤں محمد منیر اعوان، محمد مسعود مغل، ظہراحمد مغل، صدیق الرحمان مغل، محمد ممتاز مصطفائی، عبید ارشاد خان مغل، محمد وجیہہ الحسن چغتائی، فہد اقبال چغتائی، سعد چغتائی و دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دورِ جدید میں موبائل اور انٹرنیٹ سروس کی عدم دستیابی عوام کے ساتھ ناانصافی ہے۔انہوں نے کہا کہ ریشیاں اور کٹھہ آزادکشمیر کے اہم سیاحتی مقامات ہیں مگر یہاں موبائل سگنلز اور انٹرنیٹ نہ ہونے کے باعث سیاح اور مقامی لوگ شدید مشکلات سے دوچار ہیں۔ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں رابطے کا فقدان قیمتی جانوں کو خطرے میں ڈال دیتا ہے۔رہنماؤں نے کہا کہ حکومت ایک طرف سیاحت کے فروغ کے بلند بانگ دعوے کرتی ہے مگر دوسری جانب سیاحتی خطے کے باسی بنیادی سہولت سے محروم ہیں، جو حکومتی دعوؤں کی نفی ہے۔ انہوں نے صدرِ ریاست، وزیراعظم اور چیف سیکرٹری آزادکشمیر سمیت تمام متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا کہ وہ اس سنگین عوامی مسئلے کا فوری نوٹس لیں۔رہنماؤں نے خبردار کیا کہ اگر حکومت اور S.C.O. حکام نے فوری ایکشن نہ لیا تو 25 اکتوبر کو ریشیاں سے لیپہ روڈ مکمل طور پر بند کر کے احتجاجی تحریک کا آغاز کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ موبائل سروس کوئی عیاشی نہیں بلکہ بنیادی انسانی ضرورت ہے، اور اس حق پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔احتجاجی مظاہرے کے دوران شہریوں نے“ریشیاں کو سروس دو!”،“انصاف چاہیے!”اور“سیاحتی مقام محروم کیوں؟”کے نعرے لگائے، جبکہ مقررین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ جب تک مطالبات تسلیم نہیں کیے جاتے، جدوجہد جاری رہے گی۔