مظفرآباد
بھارتی ریاستی جبر کشمیری عوام کے حوصلے پست نہیں کر سکتا،سکندر نثار گیلانی
مظفرآباد (سپیشل رپورٹر)میئر میونسپل کارپوریشن مظفرآبادسکندر نثار گیلانی نے بھارت کے یومِ جمہوریہ کو یومِ سیاہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ دن کشمیری عوام کے لیے جبر، ظلم اور انسانی حقوق کی پامالیوں کی علامت ہے۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ بھارت جمہوریت کا دعویدار بن کر مقبوضہ جموں و کشمیر میں بدترین آمریت مسلط کیے ہوئے ہے۔میئر سکندر گیلانی نے حریت رہنما یاسین ملک کو سنائی گئی سزائے موت کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یاسین ملک کشمیری عوام کی جائز جدوجہدِ آزادی کی توانا آواز ہیں اور انہیں سزا دینا دراصل پوری کشمیری قوم کی آواز دبانے کی ناکام کوشش ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی ریاستی جبر کشمیری عوام کے حوصلے پست نہیں کر سکتا۔سکندر نثار گیلانی نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں ماورائے عدالت قتل، جبری گمشدگیاں، غیر قانونی گرفتاریاں اور اظہارِ رائے پر پابندیاں معمول بن چکی ہیں، جو بھارت کے نام نہاد جمہوری چہرے کو بے نقاب کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام بھارت کے یومِ جمہوریہ کو یومِ سیاہ کے طور پر منا کر عالمی برادری کو یہ پیغام دینا چاہتے ہیں کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں جاری ہیں۔انہوں نے اقوامِ متحدہ، او آئی سی اور عالمی انسانی حقوق کی تنظیموں سے مطالبہ کیا کہ وہ یاسین ملک کو فوری انصاف فراہم کروائیں اور مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری بھارتی مظالم کا م¶ثر نوٹس لیں۔ میئر مظفرآباد نے اس عزم کا اظہار کیا کہ آزاد کشمیر کے عوام اپنے مظلوم کشمیری بھائیوں کے ساتھ ہر سطح پر کھڑے ہیں اور حقِ خودارادیت کی جدوجہد اس کے منطقی انجام تک جاری رہے گی۔


