مظفرآباد

سماہنی علماء اہل سنت کونسل کے زیر اہتمام استقبال ربیع الاول کی عظیم الشان ریلی

سماہنی (تحصیل رپورٹر)حضور نبی کریم ﷺ کی ولادت باسعادت کی خوشی میں علماء اہلسنت کونسل تحصیل سماہنی کے زیر اہتمام ایک عظیم الشان استقبالِ ماہِ ربیع الاول ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ اس روح پرور ریلی کی صدارت ممتاز علمائے کرام قاری خوشنود امین صدیقی، قاری نثار احمد جلالی سمیت دیگر جید علماء نے کی۔ریلی میں مختلف مدارس کے سیکڑوں طلباء اور ننھے حفاظ کرام نے بھرپور جوش و خروش کے ساتھ شرکت کی۔ طلباء کے ہاتھوں میں رنگ برنگے پھولوں کے گلدستے اور کلماتِ محبتِ رسول ﷺ پر مبنی بینرز و پلے کارڈز تھے۔ ریلی مغل مارکی سے شروع ہو کر شہر کی مختلف شاہراہوں سے ہوتی ہوئی مرکزی مقام سماہنی شہر پہنچی، جہاں ہر طرف ”لبیک یا رسول اللہ ﷺ” اور درود و سلام کی صدائیں گونجتی رہیں۔انجمن تاجران سماہنی کے عہدیداران اور شہریوں نے ریلی کا والہانہ استقبال کیا اور ننھے حفاظ کرام پر گل پاشی کی۔ اس موقع پر عاشقانِ رسول ﷺ نے اپنی محبت اور عقیدت کا بے مثال اظہار کیا۔ریلی کے اختتام پر جامع مسجد ”یا رسول اللہ” میں ایک پروقار نعتیہ و تقاریر مقابلہ منعقد ہوا، جس میں مختلف مدارس کے طلباء نے اپنی بہترین کارکردگی پیش کی۔ نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلباء میں انعامات اور شیلڈز تقسیم کی گئیں۔اجتماع کے آخر میں تحصیل سماہنی کے امن و سکون، وطن عزیز پاکستان کی ترقی و خوشحالی، امت مسلمہ کے اتحاد اور دنیا بھر کے مظلوم مسلمانوں کی نصرت کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔ علمائے کرام نے اس بات پر زور دیا کہ ربیع الاول کا مہینہ ہمیں اخوت، بھائی چارے اور سیرتِ رسول ﷺ پر عمل پیرا ہونے کا پیغام دیتا ہے۔

Related Articles

Back to top button