چناری تھانہ کی حدود میں رات گئے معصوم بچے پر مبینہ تشدد
چناری (تحصیل رپورٹر) چناری تھانہ کی حدود میں رات گئے معصوم بچے پر مبینہ تشدد کی خبریں سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد ایس پی جہلم ویلی سید عباس علی شاہ نے فوری نوٹس لیتے ہوئے مقدمہ درج کرنے اور شفاف تحقیقات کی ہدایت کردی۔ان کے حکم پر پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ایف آئی آر درج کرلی ہے، جبکہ ملزم کو گرفتار کرکے مزید تفتیش شروع کردی گئی ہے۔ترجمان پولیس جہلم ویلی کے مطابق متاثرہ خاتون کی جانب سے بچے کے متعلق کوئی درخواست پولیس کو موصول نہیں ہوئی تھی، تاہم واقعہ کی خبریں سوشل میڈیا پر سامنے آنے کے بعد پولیس فوری طور پر متحرک ہوئی اور نفری موقع پر بھیجی گئی۔ترجمان نے کہا کہ شہریوں کو چاہیے کہ کسی بھی واقعہ کی صورت میں براہِ راست پولیس سے رجوع کریں تاکہ فوری قانونی کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔پولیس کے مطابق ڈی ایس پی شفیق مغل اور ایس ایچ او چناری راجہ تحسین موقع پر موجود ہیں اور خود تفتیشی عمل کی نگرانی کررہے ہیں۔ مقدمہ کے اندراج کے بعد میڈیکل اور دیگر قانونی تقاضے پورے کیے جارہے ہیں تاکہ واقعہ کی مکمل اور شفاف تحقیقات کو یقینی بنایا جا سکے۔پولیس حکام نے کہا ہے کہ بچوں پر تشدد کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا اور ملوث افراد کو قانون کے مطابق سخت کارروائی کا سامنا کرنا ہوگا۔۔