آرمی شہداء کے لواحقین کیلئے سرکاری ملازمتوں میں پانچ فیصد کوٹہ مختص کرنے کی قرارداد منظور
جسے کرنل (ر) عبیداللہ بیگ نے ایوان میں پڑھ کر سنایا، جبکہ وزیر سائنس و ٹیکنالوجی ثریا زمان نے دستخط کر کے قرارداد کی توثیق کی

گلگت (محاسب نیوز) گلگت بلتستان اسمبلی کے اجلاس میں آرمی شہداء کے لواحقین کے لیے سرکاری محکموں میں ملازمتوں کا کوٹہ مختص کرنے اور گلگت بلتستان سروسز قوانین میں ضروری ترامیم سے متعلق قرارداد متفقہ طور پر منظور کرلی گئی۔اس تاریخی موقع پر شہداء فاؤنڈیشن گلگت بلتستان کے صدر بہادر جمیل سمیت شہداء کے کثیر تعداد میں لواحقین اسمبلی سیشن کے دوران وی آئی پی گیلری میں موجود تھے۔ ایوان نے افواجِ پاکستان کے شہداء کی لازوال قربانیوں کو زبردست الفاظ میں سراہتے ہوئے لواحقینِ شہداء کو خراجِ عقیدت و تحسین پیش کیا۔قرارداد وزیرِ داخلہ شمس الحق لون نے پیش کی، جسے کرنل (ر) عبیداللہ بیگ نے ایوان میں پڑھ کر سنایا، جبکہ وزیر سائنس و ٹیکنالوجی ثریا زمان نے دستخط کر کے قرارداد کی توثیق کی۔قرارداد کی بھرپور حمایت اپوزیشن لیڈر سید کاظم میثم، وزیر خوراک انجینئر انور، وزیر تعلیم آغا شہزاد جاوید منواء، سابق وزیر جمیل احمد، سہیل عباس، شیخ اکبر راجانی، کلثوم فرمان، ایوب وزیری، صنم فریاد اور راجہ ذکریا سمیت تمام اراکینِ اسمبلی نے کی۔راجہ ذکریا نے اس موقع پر افواجِ پاکستان کے شہداء کو خصوصی طور پر خراجِ عقیدت پیش کیا۔قرارداد کے متن میں کہا گیا کہ:یہ ایوان اس امر کا اظہارِ اعتراف و فخر کرتا ہے کہ وطنِ عزیز پاکستان کی سرحدوں کی حفاظت، سالمیت اور دفاع کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے افواجِ پاکستان کے شہداء، بالخصوص گلگت بلتستان کے بہادر سپوتوں نے تاریخ میں لازوال قربانیاں پیش کی ہیں۔ قوم ان شہداء کی خدمات کو ہمیشہ قدر و احترام کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔لہٰذا، یہ ایوان حکومتِ گلگت بلتستان سے پُرزور مطالبہ کرتا ہے کہ گلگت بلتستان سے تعلق رکھنے والے پاک فوج کے شہداء کے اہلِ خانہ، جو کہ آرمی شہداء فیملی اسسٹنس پیکیج کے مطابق مستحق اور اہل قرار پاتے ہیں، کو گلگت بلتستان کے تمام سرکاری محکموں میں مجموعی طور پر پانچ فیصد (05%) ملازمت کا خصوصی کوٹہ مختص کیا جائے۔اس کوٹے پر بھرتیاں شہداء کے لواحقین سے ہی، میرٹ، اہلیت اور سروس قواعد و ضوابط کے مطابق کی جائیں تاکہ شہداء کے اہلِ خانہ کو باعزت روزگار کے بہتر مواقع میسر آئیں۔حکومتِ گلگت بلتستان متعلقہ سروس قوانین میں ضروری ترامیم کر فوری نوٹیفکیشن جاری کرے، تاکہ شہداء کے خاندانوں کی قربانیوں کا ریاستی سطح پر عملی اعتراف ممکن ہو سکے۔”ایوان نے قرارداد کی متفقہ طور پر منظور تمام سرکاری محکموں میں شہیداء کے لواحقین کو مناسب کوٹہ مختص کی منظور اور اس عزم کا اعادہ کیا سپیکر اسمبلی نذیر احمد ایڈووکیٹ نے کہا کہ شہداء قوم کا فخر اور ہمارا سب سے قیمتی سرمایہ ہیں۔ ان کے لواحقین کا احترام ہم سب پر لازم ہے۔ حکومت گلگت بلتستان سروسز قوانین میں مناسب ترامیم کر کے شہداء کے خاندانوں کے لیے مخصوص کوٹہ کو عملی شکل دے اجلاس کے اختتام پر تمام ممبران وہ آئی پی گلیری میں آکر لواحقین شہیداء سے فرد فرد ملاقات کی اور مبارکباد پیش کی اور شہداء کے قربانیوں کو خراجِ تحسین بھی پیش کیا