کالمز

محترمہ صائمہ عباسی۔۔۔۔۔ڈپٹی ڈائریکٹر تعلیم سکولز

تحریر: سید ماجد علی نقوی

ممتاز ماہر تعلیم اور انتظامی و قائدانہ صلاحیتوں کی مالک محترمہ صائمہ عباسی کا تعلق چمن کوٹلی عظیم خان سے ہے۔ آپ نے ابتدائی تعلیم دختران اسلام اکیڈمی سنڈ گلی مظفرآباد سے حاصل کی اور اعلی تعلیم کے لیے آزاد کشمیر یونیورسٹی میں داخلہ لیا۔ آزاد کشمیر یونیورسٹی سے ایم فل ایجوکیشن کا امتحان پاس کرنے کے بعد عملی زندگی میں قدم رکھا۔ محترمہ صائمہ عباسی نے 2008 میں پبلک سروس کمیشن کا امتحان امتیازی حیثیت سے پاس کیا اور دچھور میراں گرلز سکول میں بطور صدر معلمہ فرائض منصبی کا آغاز کیا اور 9 سال تک اس دور دراز علاقے میں پیدل سفر کر کے درس و تدریس اور انتظامی فرائض ادا کیے۔ محترمہ نے ابتدائی تعیناتی کے دوران ہی اپنی انتظامی اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔ بحثیت صدر معلمہ آپ نے مضبوط قائدانہ کردار نبھایا کیونکہ صدر معلمہ کسی بھی سکول کی بیک وقت سربراہ اور قائد ہوتی ہیں۔ جن کے اولین فرائض میں سرکاری تعلیمی پالیسی پر عملدرآمد، نصاب، معیار کی نگرانی اور ماتحت تدریسی عملہ کی حاضری و معاونت سمیت ان کی نگرانی ہوتا ہے۔ آپ نے مختلف تعلیمی اداروں میں بطور سربراہ خدمات سر انجام دیں۔ اس عرصہ کے دوران آپ نے تعلیمی اداروں میں اصلاحات، نصاب کی ترقی اور نفاذ کے لیے بھرپور کردار ادا کیا۔ تدریسی عملہ کی نگرانی اور تربیت کے لیے عملی اقدامات اٹھائے تاکہ قوم کی بچیوں کو عصر حاضر کے تقاضوں کے مطابق زیور تعلیم سے آراستہ کیا جا سکے۔ محترمہ بحثیت ہیڈ مسٹریس طالبات کی کارکردگی کے جائزہ اور حصول تعلیم میں طالبات کی راہنمائی پر خصوصی توجہ دیتی رہیں اور تعلیمی اداروں کے اندر تدریسی ماحول کے قیام میں مثالی کردار ادا کیا۔ بچیوں کو بہتر تعلیم و تربیت کے لیے ان کے والدین اور مقامی کمیونٹی کے ساتھ تعاون کیا اور بہتر تعلیم کے لیے ہمیشہ مقامی کمیونٹی کو آن بورڈ لیا۔ ایک اچھی ہیڈ مسٹریس کا قائدانہ کردار ہی متعلقہ تعلیمی ادارے کی ترقی کا ذریعہ بنتا ہے۔ ایک مثالی منتظمہ تعلیمی ادارے کو نہ صرف ترقی کے منازل سے ہمکنار کرتی ہے بلکہ ادارے کی کارکردگی کو بہتر بنانے میں بھی صدر معلمہ کا کلیدی کردار ہوتا ہے۔ انتظامی اور قائدانہ صلاحیتوں سے مزین سربراہ ادارہ ہی سکول کو معیاری درسگاہ میں بدل سکتی ہے۔ بہترین صدر معلمہ ہی ادارہ میں تعلیمی ماحول پیدا کر کے اپنے فرائض کو کماحقہ پورا کر سکتی ہے۔ یہی وجہ ہیکہ آزاد کشمیر کے اندر تعلیمی ادارہ جات کے سربراہان کا انتخاب پبلک سروس کمیشن کے ذریعہ کیا جاتا ہے اور مقابلے کے امتحان کے دوران صدر معلمین کے امیدواران کی انتظامی اور قائدانہ صلاحیتوں کو مدنظر رکھا جاتا ہے۔ آپ ایک تعلیمی ادارے کو چلانے کے لیے مطلوبہ صلاحیتوں سے مزین ہیں۔ رب تعالیٰ نے انہیں بہترین انتظامی اور قائدانہ صلاحیتوں سے نواز رکھا ہے۔ آپ میں وہ تمام انتظامی اور قائدانہ صلاحیتیں موجود ہیں جو ایک سربراہ ادارہ کے لیے لازم ہیں۔ محترمہ نہ صرف انتظامی اور قائدانہ صلاحیتوں کی مالک ہیں بلکہ وہ ایک خوش اخلاق، تعلیم دوست اور انسانیت سے محبت کرنے والی شخصیت بھی ہیں۔ آپ نے اپنی سروس کے دوران دچھور میراں، لواسی، مجہوئی، کھلانہ سمیت دیگر تعلیمی اداروں میں خدمات سر انجام دیں۔ آپ کی بہترین انتظامی اور قائدانہ صلاحیتوں کو مدنظر رکھتے ہوئے حکومت آزاد کشمیر نے محترمہ صائمہ عباسی کو 2021 میں ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر نسواں مظفرآباد کے عہدے پر فائز کیا۔ بحثیت ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر نسواں آپ نے بہترین خدمات سر انجام دیں اور تعلیمی اداروں میں معلمات کی حاضریوں کو یقینی بنانے، تعلیمی نظام میں اصلاحات، تدریسی نظام کی بہتری کے لیے اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لایا۔ مختصر عرصہ میں آپ نے بہترین اصلاحات لائیں، محکمہ کے اندر بہت سی خرابیوں کو دور کیا لیکن آپ کی شبانہ روز محنت کے باوجود آپ کو ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر نسواں مظفرآباد کے عہدہ سے تبدیل کر کے لائن آف کنٹرول پر واقع کھلانہ سکول میں تعینات کر دیا گیا۔ آپ نے کھلانہ جیسے دور دراز علاقے میں بھی خدمت و عمل کا سفر جاری رکھا۔ آپ کو یہ بھی اعزاز حاصل ہیکہ آپ جس علاقہ میں بطور صدر معلمہ تعینات رہیں وہاں کی مقامی آبادی نے آپ کی خدمات کا نہ صرف اعتراف کیا بلکہ عزت و احترام سے نوازا اور ان علاقوں کے لوگ آپ کی خدمات کے آج بھی معترف ہیں۔ آپ کو انتظامی اور قائدانہ صلاحیتوں کے پیش نظر محکمہ تعلیم سکولز میں دوبارہ ڈپٹی ڈائریکٹر کے عہدے پر فائز کیا گیا ہے۔ آپ اس وقت ڈپٹی ڈائریکٹر سکولز نسواں شعبہ بجٹ تعینات ہیں۔ محکمہ تعلیم آزاد کشمیر کا سب سے بڑا محکمہ ہے اور اس محکمہ کا شعبہ بجٹ انتہائی اہمیت کا حامل ہے لیکن محترمہ جو بہترین انتظامی صلاحیتوں کی مالک ہیں بہترین انداز میں اپنے فرائض سے عہدہ برا ہو رہی ہیں۔ آپ نے بحثیت ڈپٹی ڈائریکٹر محکمہ تعلیم سکولز شعبہ بجٹ میں مختصر عرصہ میں گراں قدر خدمات سر انجام دی ہیں اور شعبہ میں بیشمار اصلاحات لائی ہیں۔ ماتحت عملہ کے ساتھ آپ کا رویہ انتہائی ہمدردانہ اور مشفقانہ ہے لیکن قواعد و ضوابط پر عملدرآمد فرض عین کی طرح لازم قرار دیا گیا ہے۔ آپ کا شمار مظفرآباد کے صف اول کے آفیسران میں ہوتا ہے۔ ضرورت اس امر کی ہیکہ ایسے آفیسران کی صلاحیتوں سے استفادہ کیا جائے کیونکہ آفیسران ہی کے ذریعے حکومتی پالیسیوں پر عملدرآمد کا ہدف حاصل کیا جاتا ہے۔ اگر آفیسر باصلاحیت ہو اور وہ خدمت کے جذبہ سے سرشار ہو کر فرائض منصبی ادا کر رہا ہو تو ادارہ کی کارکردگی کو بھی چار چاند لگ جاتے ہیں۔ امید ہیکہ محترمہ نے جس طرح بطور صدر معلمہ اور ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر نسواں کی حیثیت سے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے وہ مستقبل میں بھی خدمت و عمل کے اسی جذبہ کے ساتھ محکمہ تعلیم سکولز کی ترقی و بہتری کے لیے اپنا قائدانہ کردار ادا کرتی رہیں گی۔ موجودہ حالات میں ضرورت اس امر کی ہیکہ ایسے آفیسران جو اپنے فرائض منصبی بہتر انداز میں ادا کر رہے ہیں ان کی خدمات کا محکمانہ اور حکومتی سطح پر اعتراف کیا جانا چاہیے تاکہ ایسے باصلاحیت آفیسران کی حوصلہ افزائی ہو اور وہ مزید جوش و جذبے کے ساتھ خدمات سر انجام دیں۔ محترمہ صائمہ عباسی نہ صرف اعلیٰ تعلیم یافتہ آفیسر ہیں بلکہ بہتریں انتظامی صلاحیتوں کی بھی مالک ہیں۔ ان کی ایک بڑی خوبی یہ بھی ہے کہ محترمہ نے تعلیم و تدریس کے ساتھ ساتھ بچیوں کی ہم نصابی سرگرمیوں پر بھی خصوصی توجہ دی، بچیوں کی فنی تعلیم اور انہیں تعلیم کے ساتھ ساتھ سلائی کڑھائی پر بھی توجہ دی اور انہیں اس طرف راغب کیا۔ رول آف لیڈر شپ اور مروجہ پالیسیوں کا نفاذ محترمہ کی خصوصی دلچسپی کا محور ہے اور اس میں محترمہ دلچسپی کے ساتھ ساتھ مہارت بھی رکھتی ہیں۔ اس وقت محکمہ تعلیم سکولز شعبہ نسواں میں ڈی پی آئی کا اہم عہدہ خالی ہے جس کے لئے محترمہ موزوں ترین آفیسر ہیں۔ وزیر تعلیم سکولز اور وزیراعظم آزاد کشمیر محترمہ صائمہ عباسی کے سروس ریکارڈ اور خدمات و صلاحیتیوں کو مدنظر رکھتے ہوئے انہیں ڈی پی آئی سکولز نسواں کے عہدے پر تعینات کریں۔

Related Articles

Back to top button