آخری سانس تک عوام کی خدمت کرتا رہوں گا،فیصل راٹھور

اسلام آباد (بیورورپورٹ‘پی آئی ڈی)آزاد جموں و کشمیر کے وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور جب جموں کشمیر ہاؤس اسلام اباد پہنچے تو لوگوں کی بڑی تعداد نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔پورا دن لوگوں کا رش لگا رہا جنہوں نے فیصل ممتاز راٹھور کو وزیراعظم بننے پر مبارک باد دی اور گلدستے پیش کیے۔کارکنان کے چہروں پر مسکراہٹ اور آنکھوں میں چمک واضح تھی جو عوام کی بے پناہ محبت کی عکاسی کر رہی تھی،وزیراعظم راجہ فیصل ممتاز راٹھور نے لوگوں کا شکریہ ادا کیا اور ان سے کہا کہ دعا کریں اللہ پاک اس منصب کے تحت فرائض کی بجا آوری میں میری مدد فرمائیں تاکہ میں ازاد کشمیر کی عوام کی حقیقی معنوں میں خدمت کر سکوں۔وزیراعظم نے کہا کہ آپ کی یہ بے پناہ محبت اور اعتماد درحقیقت ایک ایسا قرض ہے جسے میں اپنی زندگی میں کبھی ادا نہیں کر سکتا۔ میں آپ سے وعدہ کرتا ہوں کہ میں اپنی آخری سانس تک آزاد کشمیر کی عوام کی خدمت کرتا رہوں گا،انہوں نے اپنے والد اور سابق وزیراعظم راجہ ممتاز حسین راٹھور کی وراثت کو یاد کرتے ہوئے جذباتی لہجے میں کہا میرے والد نے مجھے ہمیشہ سکھایا کہ عوامی خدمت ہی سب سے بڑی عبادت ہے۔ میں ان کے افکار اور نظریات کو اپنا رہنما اصول بنا کر آزاد کشمیر کی تعمیر و ترقی کے لیے کام کروں گا۔ میں عوام کی توقعات پر پورا اترنے کے لیے دن رات ایک کر دوں گا اور اپنے والد سابق وزیراعظم راجہ ممتاز حسین راٹھور کے افکار کے مطابق عوام کی توقعات پر پورا اترنے کی بھرپور کوشش کرونگا ِ




