مظفرآباد
آزاد کشمیر پرامن علاقہ ہے یہاں لاء اینڈ آرڈر کا کوئی مسئلہ نہیں‘آئی جی
میرپور(بیورو رپورٹ) انسپکٹر جنرل پولیس آزاد جموں و کشمیر محمد یاسین قریشی نے آزاد جموں و چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا۔ان کے ہمراہ ڈی آئی جی میرپور رینج ڈاکٹر خالد محمود چوہان، ایس ایس پی خرم اقبال اور دیگر پولیس افسران بھی موجود تھے۔ آزاد جموں و کشمیر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے صدرعمر شہزاد جرال نے سابق صدور چیمبر اور ایگزیکٹو ممبران کے ہمراہ معزز مہمانوں کا پرتپاک استقبال کیا۔ اس موقع پر صدر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز عمر شہزاد جرال نے چیمبر آف کامرس کے متعلق بریفنگ دی اور صنعتکاروں اور تجارت پیشہ افراد کی سیکورٹی سے متعلق مختلف تجاویز پیش کیں۔انسپکٹر جنرل پولیس آزاد جموں و کشمیر محمد یاسین قریشی نے چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے عہدیداران اور ممبران ایگزیکٹو کمیٹی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آزاد کشمیر پرامن علاقہ ہے یہاں لاء اینڈ آرڈر کا کوئی مسئلہ نہیں، آزاد کشمیر ایک چھوٹا سا خطہ ہے جہاں ہر طبقہ کے پولیس سے مضبوط روابط ہیں حکومت آزاد کشمیر کی ہدایات پر آزاد کشمیر پولیس بزنس کمیونٹی کے لئے امن و امان اور فول پروف سیکورٹی کے ہر ممکن اقدامات کررہی ہے،چیمبر آف کامرس کی طرف سے پولیس سے متعلق دی جانے والی تجاویز کو پایا تکمیل تک پہنچانے کی بھرپور کوشش کریں گے۔اس حوالے سے بزنس کمیونٹی سے باہم روابط کے لئے ڈویژنل اور ضلعی پولیس افسران بھی صنعت کاروں کے جائز مسائل حل کرنے میں اپنا کردار ادا کریں گے۔انہوں نے کہا کہ میرپور صنعتی زون اور اوورسیز کا شہر ہے اس شہر میں معاشی و اقتصادی سرگرمیاں بھی قابل ستائش ہیں ہمارے سرمایہ کاروں اور اوورسیز نے کئی شعبوں وسیع سرمایہ کاری کر رکھی ہے جس کا حکومت، انتظامی اداروں اور پولیس کو ادراک ہے۔ حکومت نے بزنس کمیونٹی کے لئے ٹیکسز میں چھوٹ دے رکھی ہے، صنعتکاراور بزنس کمیونٹی جہاں صنعتی ترقی میں اپنا رول ادا کرنے کے ساتھ ٹیکس ادائیگیوں میں اپنا کردار ادا کررہے ہیں وہ بھی قابل ستائش ہے۔ انہوں نے منگلا انٹری پوائنٹس پر بزنس کمیونٹی کیلئے خصوصی گیٹ وے کی ضرورت پر زور دیا۔اس موقع پر آئی جی پولیس آزادکشمیر کی جانب سے صدر میرپور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کو خصوصی شیلڈ دی گئی جبکہ بزنس کمیونٹی کی جانب سے آئی جی پولیس کو خصوصی سووینئر پیش کیاگیا۔میرپور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پولیس اور بزنس کمیونٹی کے درمیان مضبوط تعاون ہی پائیدار معاشی و اقتصادی ترقی کی ضمانت ہے۔آزاد جموں و کشمیر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے صدر عمر شہزاد جرال نے کہاکہ کسی بھی ملک و معاشرے کی ترقی میں بزنس کیمونٹی ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہیں،امن و امان کے قیام کے بغیر معاشی ترقی ممکن نہیں جس کے لئے بزنس کمیونٹی اور پولیس کے درمیان مؤثر رابطہ وقت کی ضرورت ہے۔ سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے محفوظ اور پر اعتماد ماحول سے معاشی و اقتصادی ترقی کی راہیں کھولتی ہیں جس کے لئے بزنس پولیس رابطہ کمیٹی کا قیام عمل میں لایا جائے۔ بزنس کمیونٹی کیلئے پولیس میں سہولت/فوکل ڈیسک قائم کیے جائیں، صنعتی و تجارتی علاقوں کی مؤثر سیکیورٹی،مقامی اور بیرون ممالک اوورسیز سرمایہ کاروں کے لیے بزنس دوست پولیسنگ سسٹم ہونا چاہیے اس حوالے سے پولیس اور چیمبر کے مشترکہ آگاہی سیشنز کروائے جائیں تاکہ اعتماد سازی کو فروغ مل سکے، آن لائن کریکٹر سرٹیفکیٹ کی سہولت کے لئے آزادکشمیر کے تمام اضلاع کے باشندوں کو کسی بھی ضلع سے حاصل کرنے کی سہولت میسر ہونی چاہیے اس طرح بزنس کمیونٹی کے لئے اسلحہ لائسنس کو ڈرائیونگ لائسنس کی طرز پر مکمل کمپیوٹرائزڈ بنانے کی تجویز دی گئی۔




