مظفرآباد
نام نہادیوم جمہوریہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کی یاد دلاتا ہے‘ سردار مبارک حیدر
مظفرآباد (سپیشل رپورٹر)پاکستان پیپلز پارٹی کے نائب صدر، سابق ایڈمنسٹریٹر میونسپل کارپوریشن اور امیدوار اسمبلی حلقہ نمبر 3 سٹی مظفرآباد سردار مبارک حیدر نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ کشمیری عوام بھارت کے یومِ جمہوریہ کو یومِ سیاہ کے طور پر مناتے ہیں، کیونکہ یہ دن مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری بھارتی مظالم، جبر اور ناانصافیوں کی یاد دلاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت عالمی سطح پر خود کو دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت قرار دیتا ہے، مگر مقبوضہ کشمیر میں اس کے اقدامات اس دعوے کی نفی کرتے ہیں۔ نہتے کشمیریوں پر ظلم، ماورائے عدالت قتل، جبری گرفتاریاں اور انسانی حقوق کی پامالی روز کا معمول بن چکی ہے۔سردار مبارک حیدر نے کہا کہ 5 اگست 2019 کے یکطرفہ بھارتی اقدامات نے مسئلہ کشمیر کو ایک بار پھر عالمی سطح پر اجاگر کر دیا ہے اور کشمیری عوام آج بھی مکمل لاک ڈا¶ن، اظہارِ رائے پر پابندیوں اور معاشی مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی مسئلہ کشمیر کو ہر عالمی فورم پر اجاگر کرنے کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کرتی رہے گی اور کشمیری عوام کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گی۔سردار مبارک حیدر نے حکومتِ پاکستان، اقوامِ متحدہ اور عالمی انسانی حقوق کی تنظیموں سے مطالبہ کیا کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری بھارتی مظالم کا فوری نوٹس لیں اور کشمیری عوام کو اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حقِ خودارادیت دلوانے کے لیے عملی اقدامات کریں۔انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر اور پاکستان کے عوام کشمیری بھائیوں کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں اور آزادی کی جدوجہد کو منطقی انجام تک پہنچانے کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھیں گے۔



